دنیا کی چھ نایاب مخلوقات
کیا آپ ان 6 عجیب و غریب جانوروں کے بارے میں کچھ جانتے ہیں؟ ’نقاب پوش‘ سانپ سے لے کر سرخ ہونٹوں والی بیٹ فش تک، یہ جانور دکھنے میں کچھ عجیب ہیں۔
’نقاب پوش‘ سانپ
اس سانپ کو سعودی عرب کے شمال مغربی علاقے حجاز میں دریافت کیا گیا تھا اور رواں سال منظر عام پر لایا گیا۔ یہ سانپ ٹھنڈے پہاڑی علاقوں میں پایا جاتا ہیں۔ اس کے سر پر دو کالے نشان ہوتے ہیں، جیسے کے اس نے نقاب پہنا ہو۔ فی الحال اس سانپ کی بقا کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
لمبی گردن والے کچھوے
لمبی گردن والا یہ کچھوا صرف انڈونیشیا کے جزیرے روٹ آئی لینڈ پر ہی پایا جاتا ہے۔ اپنی لمبی گردن کی وجہ سے یہ مکمل طور پر اپنے شیل میں سما نہیں پاتا۔ کچھوؤں کی یہ قسم بقا کے خطرے سے بھی دوچار ہے۔
بڑی ناک جنسی کشش کی وجہ
ہم انسانوں میں بڑی ناک کا ہونا عموماﹰ باعث مزاح ہوتا ہے، لیکن ان پروبوسس بندروں میں یہ جنسی کشش کا باعث ہے۔ تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ ان بندروں کی ناک کے سائز اور ان کے ساتھ موجود مادہ بندروں کی تعداد کا آپس میں تعلق ہوتا ہے۔
سرخ ہونٹوں والی بیٹ فش
برطانیہ کے گیلاپگس کنزرویشن ٹرسٹ کے مطابق بیٹ فش کے لال ہونٹ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے اس آبی مخلوق نے خون پیا ہو یا پھر اس کے ہونٹوں پر گہری سرخ لپ اسٹک لگائی گئی ہو۔ بیٹ فش چھوٹی مچھلیوں اور جھینگوں کا شکار کرتی ہیں۔
یوننان،چپٹی ناک والا بندر
یہ بندر ان جانوروں میں شامل ہے جو انسانوں سےسب سے زیادہ مشابہت رکھتے ہیں۔ ان بندروں کی بقا کو خطرہ تو لاحق ہے، مگر فی الحال اگر ان کی آبادی میں اضافہ نہیں ہو رہا تو کمی بھی نہیں ہو رہی ہے۔
بندر کھانے والا فلپائنی عقاب
بعض اوقات فطرت سمجھ سے بالا تر ہوتی ہے۔ اب فلپائنی عقاب کو ہی لے لیجیے، جس کی غذا بندر اور دیگر نسبتاﹰ بڑی جسامت والے جانور ہیں۔ لیکن پھر بھی اس کی بقا کو خطرہ لاحق ہے۔ اس وقت دنیا میں ان عقابوں کی کل تعداد صرف چند سو ہی ہے۔