سنگاپور گراں پری فیرنانڈو الونسو کے نام
26 ستمبر 2010دو بار عالمی چیمپئن بننے والے الونسو کے کیریئر کی یہ اب تک مجموعی طور پر پچیس ویں کامیابی تھی جبکہ اِس سیزن کے دوران اُن کے حصے میں آنے والا یہ چوتھا ٹائیٹل تھا۔ ریڈ بُل ٹیم کے جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے دوسری جبکہ اُن کے ٹیم ساتھی آسٹریلیا کے مارک ویبر نے، جو مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہیں، تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ویبر اب تک 202 پوائنٹس بنا چکے ہیں، جبکہ آج کی ریس جیتنے والے الونسو کے191 پوائنٹس ہیں۔ مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے 182 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن برطانیہ کے لیوئس ہیملٹن کی ہے، جو ریس کے دوران ویبر کے ساتھ اپنی گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں مقابلے سے خارج ہو گئے تھے۔
اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے میکلارن ٹیم کے برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن سنگاپور گراں پری ریس میں چوتھے نمبر پر رہے اور مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے 177 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر جا رہے ہیں۔ اب رواں سیزن کی محض چار ریسیں باقی رہ گئی ہیں۔ اگلی ریس جاپان گراں پری ہے، جو دَس اکتوبر کو سوزوکا کے مقام پر منعقد ہو گی۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: عصمت جبیں