فیفا 2022 ورلڈ کپ کے نوجوان ستارے
ورلڈ کپ اکثر دنیا کے بہترین نوجوان ٹیلنٹ کو ان کے کیرئیر میں اگلا قدم اٹھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ فیفا 2020ء میں بھی بہت سے نئے چہرے نام بنانے کے لیے تیار ہیں۔ آئیے ان میں سے کچھ کھلاڑیوں پر نظر ڈالیں۔
جمال موسیالا، عمر انیس سال (جرمنی)
موسیالا چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم جرمنی کا نیا چہرہ بن گئے ہیں۔ اپنی کم عمری کے باوجود بائرن میونخ کے یہ اسٹار کھلاڑی قطر میں ایک اہم کردار کے لیے تیار نظر آتے ہیں۔ چھ فٹ طویل قامت والے موسیالا ایک شانداراسکورر اور تخلیق کار ہیں۔ وہ یہ دکھا چکے ہیں کہ بڑے سے بڑے اسٹیج پر بھی وہ بالا خوف وخطر پرفارم کر سکتے ہیں۔
گیوی، عمر اٹھارہ سال (اسپین)
اسپین کے اب تک کے سب سے کم عمر بین الاقوامی کھلاڑی گیوی کے ٹیلنٹ نے انہیں اپنے ملک کی ایک مرکزی شخصیت بنا دیا ہے۔ وہ بارسلونا کے ایک ایسے شاندار کھلاڑی ہیں جن کا موازنہ عظیم ہسپانوی کھلاڑیوں اینڈریس انیسٹا اور زاوی سے کیا جاتا ہے۔ گیوی کو نئی نسل کے ایک رہنما کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
بوکایوساکا، عمر اکیس سال (انگلینڈ)
ساکا نے یورو 2020ء میں اپنے پہلے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا تجربہ حاصل کیا، جہاں فائنل میں اٹلی کے خلاف ایک اہم پنالٹی کک لگانے کے لیے ساکا پر بھروسا کیا گیا۔ وہ گول نہ کر پائے تھے۔ اس کے بعد سے نسل پرستانہ حملوں کا سامنا کرنے کے باوجود وہ زیادہ پر اعتماد اور بااثر ہو گئے۔ آرسنل کے لیے کھلینے والے ساکا انگلینڈ کی ٹیم میں موجود کئی باصلاحیت نوجوانوں میں سے ایک ہیں۔
تاکے فوسا کوبو، عمراکیس سال (جاپان)
’’جاپانی میسی‘‘ کے نام سے موسوم کوبو کو کھیلتے ہوئے دیکھنا خوشگوار ہوتا ہے لیکن وہ ہمیشہ مستعد نہیں ہوتے اور انہیں مزید گول کرنے کی ضرورت ہے۔ جاپان امید کرے گا کہ کوبو کی تخلیقی ذہانت قطر میں اسے اسپین، جرمنی اور کوسٹا ریکا کے ساتھ گروپ میچوں سے ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں لے جائے گی۔
ایڈورڈو کاماونگا، عمر بیس سال (فرانس)
کاماونگا کی پیدائش کانگو سے تعلق رکھنے والے ان کے والدین کے ہاں انگولا کے ایک پناہ گزین کیمپ میں ہوئی تھی لیکن وہ دو سال کی عمر میں فرانس چلے گئے تھے۔ ڈربل اور پاس کرنے کے ماہر یہ سینٹرمڈ فیلڈر ریال میڈرڈ کی اس ٹیم کا حصہ تھے، جس نے 2022 ء میں یوروپین چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ وہ قطر میں فرانس کے ٹائٹل کا دفاع کرنے والے اسکواڈ کا اہم حصہ ہیں۔
روڈریگو، عمر اکیس سال (برازیل)
روڈریگو برازیل کے سب سے اہم نوجوان فارورڈ میں سے ایک ہیں۔ اگرچہ شروعات میں ان کے لیے ایک ایسی ٹیم میں اپنا کردار نبھانا مشکل ہے جو بہترین فارورڈ کھلاڑیوں سے بھری ہوئی ہے تاہم نوجوان روڈریگو ایک تخلیقی آنکھ کےساتھ اسکور کرنے کے مواقع مہیا کرنے کے معاملے میں برازیل کو کچھ اضافی پیش کر سکتے ہیں۔
جیو رینا، عمر بیس سال (امریکہ )
جیو رینا کو ان کے ایک سابقہ ٹیم ممبر نے ’’امریکی خواب‘‘ کا نام دیا تھا۔ رینا امریکی ٹیم کی ایک حملہ آور مڈ فیلڈ کی استعداد میں اضافے کے لیے ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔ وہ اکثر زخمی رہتے ہیں اور یہ ان کے لیے اکثر ایک مسئلہ ہوتا ہے۔ اس سے ہٹ کر وہ قطر میں امریکی ٹیم کا ایک اہم حصہ ہیں۔
فلکس افینہ گیان، عمر انیس سال (گھانا)
گزشتہ سیزن میں اپنی پرفارمنس سے نمایاں ہوئے۔ اس کے بعد ان کی نوجوانوں کی ٹیم سے اے ایس روما کی سینئر ٹیم میں ترقی کر دی گئی۔ گھانا کے فارورڈ نے تیز رفتار دوڑکے ساتھ اپنی شناخت بنائی ہے، جو ڈیفنڈرز کو پریشان کیے رکھتی ہے۔ ان کاچھوٹا جثہ میدان میں تیز رفتار ہے اور وہ ایک تیزی سے سوچنے والے کھلاڑی ہیں۔
انیس بن سلیمان، عمر اکیس سال (تیونس)
ک ورسٹائل نوجوان مڈفیلڈر جس پر تیونس اپنی فارورڈ لائن کو سپورٹ کرنے کے لیے بھروسا کرتا ہے۔ سلیمان 2019 ء میں تیونس کے بین الاقوامی کھلاڑی بن گئے۔ ان کی ٹیم اور ملک کو موجودہ ورلڈ کپ میں بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ تیونس کے گروپ میں دفاعی چمپئین فرانس، آسٹریلیا اور ڈنمارک شامل ہیں۔